بدھ,  22 اکتوبر 2025ء
پاک فضائیہ کے سربراہ کا رومانیہ کا سرکاری دورہ، دفاعی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

راولپنڈی (روشن پاکستان نیوز): پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے رومانیہ کا سرکاری دورہ کیا جہاں انہوں نے رومانیہ کی فضائیہ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل لیونارڈ گیبریل بارابوئی سے اہم ملاقات کی۔

ائیر چیف جب رومانیہ ایئر فورس ہیڈکوارٹرز پہنچے تو انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعلقات کو مزید فروغ دینے، آپریشنل تعاون بڑھانے، مشترکہ مشقوں، تربیتی پروگرامز، اور فضائی عملے کے تبادلوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

رومانیہ کے فضائیہ سربراہ نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بھارتی جارحیت کے مقابلے میں شاندار کارکردگی، اور ائیر چیف کی قیادت میں خود انحصاری کی پالیسیوں کو سراہا۔ دونوں جانب سے ایرو اسپیس ٹیکنالوجی اور دفاعی صنعت میں شراکت داری کے امکانات پر بھی گفتگو کی گئی۔

مزید پڑھیں: پاک فضائیہ کے جے ایف-17 تھنڈر طیارے آذربائیجان پہنچ گئے

ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال اور عالمی امن پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں سربراہان نے فضائی دفاعی تعاون کو ادارہ جاتی سطح پر مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا۔

ترجمان کے مطابق، ائیر چیف کا دورہ رومانیہ پاک رومانیہ فوجی تعلقات میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اور یہ دونوں ممالک کے درمیان امن، ترقی، اور دفاعی تعاون کے عزم کی تازہ تجدید ہے۔

مزید خبریں