اسلام آباد(شہزاد انور ملک) راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے سابق صدر اور ڈائریکٹر ڈپلومیٹک افیئرز اینڈ گلوبل نیوز، علی رضا علوی نے کہا ہے کہ چین انٹرنیشنل کمیونیکیشنز گروپ (CICG) اور اکیڈمی آف کنٹیمپریری چائنا اینڈ ورلڈ اسٹڈیز (ACCWS) کے اعلیٰ سطحی وفد کا اپنے دفتر میں خیرمقدم کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز تھا۔
وفد میں شامل مسٹر گاؤ آن منگ، ایڈیٹر اِن چیف CICG، اور مسٹر فان ڈاقی، نائب صدر ACCWS کے ہمراہ انسٹیٹیوٹ آف پیس اینڈ ڈپلومیٹک اسٹڈیز کی صدر ڈاکٹر فرحت آصف اور معروف دانشور و محقق محمد آصف نور بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان میڈیا اشتراک، ثقافتی تبادلے، اور عوامی سطح پر سفارتی تعلقات کے استحکام پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ علی رضا علی نے کہا کہ چین اور پاکستان کے تعلقات مثالی نوعیت کے ہیں، جنہیں میڈیا اور عوامی رابطوں کے ذریعے مزید وسعت دی جا سکتی ہے۔
مزید پڑھیں: ’’دوستی آہنی ہے‘‘چین کا ایک بار پھر پاکستان پر اعتماد کا اظہار
انہوں نے چینی وفد کی جانب سے پیش کیے گئے خیالات اور تعاون کی پیشکش کو سراہتے ہوئے کہا کہ میڈیا پل کا کردار ادا کرتا ہے، جو دونوں اقوام کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے دو طرفہ تعاون کو مضبوط بنانے، مشترکہ تحقیقی منصوبوں، اور صحافیوں کے تربیتی پروگراموں کے آغاز کی تجاویز بھی پیش کیں۔
چینی وفد نے بھی پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات کو سراہتے ہوئے، مختلف شعبوں میں اشتراک عمل کے عزم کا اعادہ کیا۔ ملاقات کو باہمی اعتماد، تعلقات کے فروغ اور نئے امکانات کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
یہ ملاقات پاک چین تعلقات میں میڈیا اور سفارتی تعاون کے نئے دور کا آغاز ثابت ہو سکتی ہے، جہاں دونوں ممالک مل کر علاقائی امن، استحکام اور ترقی کی جانب بڑھ سکتے ہیں۔