جمعه,  17 اکتوبر 2025ء
برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کی وزیر مملکت بلال اظہر کیانی سے ملاقات، اقتصادی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (عرفان حیدر) پاکستان میں تعینات برطانیہ کی ہائی کمشنر جین میریٹ نے سینئر سرکاری مشیر میٹ کلینسی کے ہمراہ جمعہ کے روز وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی سے وزارتِ خزانہ میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے، باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان کی مجموعی اقتصادی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے اس موقع پر کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا ویژن ہے کہ موجودہ اقتصادی استحکام کو پائیدار معاشی ترقی میں بدلا جائے، اور حکومت اسی سمت میں سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان ریلوے کو جدید سہولیات سے آراستہ، عوام دوست اور خود کفیل ادارہ بنانے کے منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔

ہائی کمشنر جین میریٹ نے پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے برطانیہ اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے دوطرفہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

مزید پڑھیں: برطانیہ کا شاہی نشان والے نئے پاسپورٹس جاری کرنے کا اعلان

ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاک-برطانیہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور قریبی روابط جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔

مزید خبریں