بدھ,  15 اکتوبر 2025ء
سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی انتقال کر گئے

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی طویل علالت کے بعد کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کر گئے۔

اہلِ خانہ کے مطابق آغا سراج درانی کو عارضۂ قلب کے باعث کراچی کے نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں وہ گزشتہ ایک ماہ سے زیرِ علاج تھے۔

آج دوران علاج ان کی طبیعت بگڑی اور وہ جانبر نہ ہو سکے۔

آغا سراج درانی کے انتقال پر صدر مملکت، وزیراعظم، اور پیپلزپارٹی قیادت اور دیگر سیاسی و سماجی رہنماؤں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جمہوری خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

مزید پڑھیں:لیڈز: پولیس افسر ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہونے کے بعد انتقال کرگئے

صدر آصف علی زرداری نے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی پائیداری اور سندھ کی عوام کی خدمت میں آغا سراج کا کردار قابل ستائش ہے۔

آغا سراج درانی 5 اکتوبر 1953 کو شکارپور میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے ابتدائی تعلیم سینٹ پیٹرک ہائی اسکول کراچی سے حاصل کی اور بعد ازاں سندھ مسلم گورنمنٹ لاء کالج سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی۔

سیاسی میدان میں ان کا سفر پاکستان پیپلزپارٹی سے وابستہ رہا۔ وہ پارٹی کے سینئر رہنماؤں میں شمار کیے جاتے تھے اور سندھ اسمبلی کے اسپیکر کی حیثیت سے اپنی آئینی ذمہ داریاں نبھاتے رہے۔

آغا سراج درانی کو ان کی پارلیمانی روایات، سیاسی بصیرت اور وفاداری کے باعث سیاست دانوں اور اراکینِ اسمبلی میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔

مزید خبریں