اسلام آباد(سعد عباسی) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر مملکت طلال چوہدری نے فیض آباد اور ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ وزیرداخلہ نے رات گئے مختلف مقامات پر تعینات اسلام آباد پولیس اور فیڈرل کانسٹیبلری کے جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے حوصلے کو سراہا۔
محسن نقوی نے فرض شناسی کے ساتھ عوام کے جان و مال کے تحفظ پر مامور اہلکاروں سے فرداً فرداً مصافحہ کیا اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ “آپ سب پاکستان کے سپاہی ہیں اور قانون کی عملداری یقینی بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔”
وزیر داخلہ نے جوانوں سے کھانے پینے کی سہولیات سے متعلق معلومات بھی لیں اور آئی جی اسلام آباد پولیس کو ہدایت کی کہ ڈیوٹی پر موجود اہلکاروں کا ہر ممکن خیال رکھا جائے۔
مزید پڑھیں: فیض آباد احتجاج کیس میں اشتہاری کا اسٹیٹس برقرار ، علی امین کو گرفتار کرنے کا حکم
اس موقع پر محسن نقوی کا کہنا تھا:
“کسی جتھے کو اسلام آباد یا کسی اور شہر پر چڑھائی کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی، اور نہ ہی کسی کو قانون ہاتھ میں لینے دیا جا سکتا ہے۔”
فیض آباد دورے کے دوران آئی جی اسلام آباد پولیس، چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور دیگر متعلقہ حکام بھی وزیر داخلہ کے ہمراہ تھے۔