اتوار,  05 اکتوبر 2025ء
اسلام آباد پریس کلب پر حملہ، تمام دھڑے متحد، اقدام کا سہرا سینئر صحافی افضل بٹ کے سر جاتا ہے

اسلام آباد (ایم اے شام) — نیشنل پریس کلب پر حالیہ حملے کے خلاف ملک بھر کی صحافتی برادری نے یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کے لیے “جوائنٹ ایکشن کمیٹی” قائم کر دی ہے۔ اس اہم اقدام کا سہرا سینئر صحافی افضل بٹ کے سر جاتا ہے جنہوں نے اختلافات سے بالاتر ہو کر صحافتی برادری کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا۔

افضل بٹ کی قیادت میں اپوزیشن گروپوں کو بھی جوائنٹ کمیٹی میں شامل کیا گیا، جس سے یہ تاثر مضبوط ہوا کہ سیاسی یا گروہی اختلافات اپنی جگہ، لیکن نیشنل پریس کلب کے وقار اور صحافیوں کے تحفظ کے معاملے پر سب ایک ہیں۔

یاد رہے کہ دو سال قبل نیشنل پریس کلب کے انتخابات کے دوران پیش آنے والے متنازع واقعے — جب مبینہ طور پر پولیس کی نگرانی میں آزاد گروپ کا مینڈیٹ متنازع انداز میں تبدیل کیا گیا — کو بھی صحافتی برادری نے اس شرط پر پس پشت ڈالنے کا عندیہ دیا ہے کہ آئندہ ایسا واقعہ دوبارہ نہ دہرایا جائے۔

مزید پڑھیں: ایس ایچ او کوہسار اور پریس کلب

جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے قیام پر صحافیوں نے افضل بٹ کے جرات مندانہ اور مثبت اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ قدم صحافتی اتحاد کی جانب اہم پیشرفت ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ تمام صحافتی گروہ ایک دوسرے پر اعتماد کرتے ہوئے مشترکہ حکمت عملی اپنائیں تاکہ مستقبل میں ایسی کسی بھی کوشش کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا جا سکے جو آزادی صحافت یا صحافیوں کے وقار کو نقصان پہنچائے۔

نیشنل پریس کلب کی خودمختاری اور صحافیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے یہ اتحاد ایک مثبت پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

مزید خبریں