بدھ,  01 اکتوبر 2025ء
غزہ میں فوری امن اور اسرائیلی انخلا ناگزیر ہے، سحر کامران

اسلام آباد (نمائندہ روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما اور رکن قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ غزہ میں فوری طور پر امن کا قیام انتہائی ضروری ہے اور فلسطینی عوام کے تحفظ، وقار اور خودمختاری کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ مسلم ممالک کو دو ریاستی حل پر کچھ تحفظات ہیں، تاہم جنگ بندی اور ایک دیرپا سیاسی حل پر تمام اسلامی ممالک متفق نظر آتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد فلسطینی ریاست کا قیام اور اسرائیلی قابض افواج کا مکمل انخلا ایک ناگزیر حقیقت ہے، جس کے بغیر مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن ممکن نہیں۔

پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ موجودہ حالات میں فلسطینی عوام کا فیصلہ، ان کا اتفاق رائے اور ردعمل نہایت اہم ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ تبصرے اور رائے دینے سے قبل تمام تفصیلات کا انتظار کیا جانا چاہیے تاکہ کوئی بھی رائے غیر ذمہ دارانہ ثابت نہ ہو۔

مزید پڑھیں: ایرانی سفارتخانے میں سید حسن نصراللہ کی پہلی برسی کی تقریب — سحر کامران کی شرکت، فلسطینی شہداء کو بھی خراج عقیدت

انہوں نے سوال اٹھایا کہ داخلی سیکیورٹی کے لیے کیا اقدامات کیے جائیں گے اور بین الاقوامی سرحدوں کی سیکیورٹی کا انتظام کس کے پاس ہوگا؟ ان اہم نکات پر عالمی برادری کو سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔

آخر میں انہوں نے عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کے دیرینہ حقوق کے تحفظ کے لیے مؤثر اور عملی اقدامات کریں تاکہ خطے میں مستقل امن ممکن ہو سکے۔

مزید خبریں