ابوظہبی (عرفان حیدر) دنیا اور خطے کو جوڑنے کے عنوان سے عالمی ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر نمائش اور بین الاقوامی کانفرنس کل (منگل) سے متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی میں شروع ہو رہی ہے، جو 2 اکتوبر تک جاری رہے گی۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اس اہم بین الاقوامی ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے ابوظہبی روانہ ہو چکے ہیں۔
نمائش اور کانفرنس میں دنیا بھر سے ریل کے شعبے سے وابستہ 20 ہزار سے زائد نمائندگان شرکت کر رہے ہیں، جب کہ 100 سے زائد ممالک سے آنے والے 800 مندوبین اور 200 مقررین مختلف سیشنز میں اپنے خیالات کا اظہار کریں گے۔ ایونٹ ابوظہبی نیشنل ایگزیبیشن سینٹر (ADNEC) میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں 200 سے زائد معروف کمپنیاں بھی شریک ہیں۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی “مستقبل کی ٹرانسپورٹ اور عالمی رابطے” کے موضوع پر بطور خصوصی مہمان کلیدی خطاب کریں گے۔ وہ کانفرنس کے وزارتی پینل مباحثے میں بھی حصہ لیں گے، جب کہ یو اے ای کے جدید ریلوے اسٹیشن کا دورہ اور تیز رفتار ریل میں سفر بھی ان کے شیڈول کا حصہ ہے۔
یہ بین الاقوامی کانفرنس اور نمائش “اتحاد ریل” کے تحت منعقد ہو رہی ہے، جو یو اے ای کے قومی ریلوے نیٹ ورک کے ترقیاتی اور انتظامی امور کا ذمہ دار ادارہ ہے۔ بلال اظہر کیانی کو کانفرنس میں شرکت کی دعوت اتحاد ریل کے چیئرمین شیخ طیب بن محمد بن زاید آل نھیان کی جانب سے دی گئی ہے۔
اپنے دورے کے دوران بلال اظہر کیانی کی یو اے ای کے وزیر برائے توانائی و انفراسٹرکچر سہیل محمد فرج المزروعی اور اتحاد ریل کے سی ای او انجینئر شادی ملک سے بھی اہم دو طرفہ ملاقاتیں ہوں گی۔
مزید پڑھیں: ایشیاکپ فائنل: پاکستان نے بھارت کو جیت کیلئے147 رنز کا ہدف دے دیا
کانفرنس کے پہلے روز تیز رفتار ریل، مصنوعی ذہانت (AI)، ڈیجیٹل اثاثہ جات کی زندگی کے دوران مینجمنٹ، اور آپریشنل کارکردگی میں اضافے جیسے موضوعات پر سیشنز ہوں گے۔ دوسرے اور تیسرے دن سائبر سیکیورٹی، اربن پلاننگ، اور مسافروں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی سمیت دیگر اہم موضوعات زیر غور آئیں گے۔