ریاض(روشن پاکستان نیوز) پاکستان کے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے ولی عہد و وزیرِ اعظم مملکت سعودی عرب، شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی پر وقار دعوت پر 17 ستمبر 2025 کو مملکت سعودی عرب کا سرکاری دورہ کیا۔
ولی عہد و وزیرِ اعظم شہزادہ محمد بن سلمان نے ریاض کے ال یمامہ پیلس میں وزیرِ اعظم پاکستان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اپنے وفود کی موجودگی میں باقاعدہ مذاکرات کا اجلاس منعقد کیا، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تاریخی، سٹریٹجک تعلقات اور مشترکہ مفادات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اجلاس کے آغاز میں خادم الحرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور دونوں ملکوں کے درمیان گہرے بھائی چارے اور اسلامی یکجہتی کو سراہا۔ انہوں نے تاریخی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعاون پر زور دیا۔
اس موقع پر، مملکت سعودی عرب اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان تقریباً آٹھ دہائیوں پر محیط دوستی، دفاعی تعاون اور مشترکہ سٹریٹجک مفادات کے پیش نظر، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدہ (SMDA) پر دستخط کیے۔
یہ معاہدہ دونوں ممالک کی سلامتی کو مضبوط بنانے اور خطے و عالمی سطح پر امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔ اس کے تحت، دونوں ممالک دفاعی تعاون کو بڑھائیں گے اور کسی بھی ایک ملک پر کسی بھی قسم کی جارحیت کو دونوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سعودی ولی عہد اور مملکت سعودی عرب کے عوام کی جانب سے دی جانے والی پرتپاک مہمان نوازی اور تعاون پر تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خادم الحرمین شریفین، ولی عہد و وزیرِ اعظم سعودی عرب، اور سعودی عوام کے لیے ترقی، خوشحالی اور فلاح و بہبود کی دعائیں کیں۔
مزید پڑھیں: قوانین میں کہیں بھی ہاتھ ملانے کی شرط درج نہیں،بھارتی کرکٹ بورڈ
عزت مآب ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی صحت اور پاکستان کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔