پشاور(روشن پاکستان نیوز) خیبرپختونخوا پولیس کی تاریخ میں پہلی بارایک خاتون کو ایس ایس پی کے عہدے پر تعینات کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ضلع صوابی سے تعلق رکھنے والی عائشہ گل کوایس ایس پی انویسٹیگیشن پشاورتعینات کیا گیا ہے، آئی جی خیبرپختونخوا نے ان کی تعیناتی کا باضابطہ اعلامیہ جاری کردیا ہے۔
عائشہ گل کا تعلق پولیس سروسزآف پاکستان (پی ایس پی) گروپ سے ہے اوروہ اس سے قبل اے آئی جی جینڈرکے طورپرخدمات سرانجام دے چکی ہیں۔
انہوں نے اپنے پیشہ ورانہ کیریئرمیں خواتین کے مسائل، صنفی مساوات اورجدید پولیسنگ کے حوالے سے نمایاں کردارادا کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق گریڈ 18 کی افسر عائشہ گل حال ہی میں بیرون ملک ایک خصوصی کورس مکمل کرنے کے بعد وطن واپس آئی ہیں، جس کے بعد انہیں صوبائی دارالحکومت کے سب سے اہم شعبے انویسٹیگیشن میں تعینات کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق عائشہ گل کی تعیناتی نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ ملک بھرمیں خواتین افسران کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔
مزید پڑھیں: راولپنڈی: تھانہ دھمیال کے علاقے میں خاتون جھلس کر جاں بحق، دیور پولیس حراست میں
ماہرین کے مطابق یہ اقدام صوبے میں خواتین کو بااختیار بنانے اور پولیسنگ کے نظام میں ان کی شمولیت بڑھانے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔