اتوار,  14  ستمبر 2025ء
سحر کامران کا اقوام متحدہ کی قرارداد پر عدم عملدرآمد پر اظہارِ تشویش: غزہ میں اسرائیلی جارحیت روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کی حالیہ قرارداد پر عملدرآمد نہ ہونے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اگرچہ اقوام متحدہ نے حالیہ قرارداد میں فلسطین اور اسرائیل کے درمیان دو ریاستی حل اور فوری جنگ بندی کی بھرپور حمایت کی، لیکن اس کے باوجود غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری ہے اور ہر گزرتے دن کے ساتھ صورتحال مزید بدتر ہوتی جا رہی ہے۔

سحر کامران نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ اسرائیلی حملوں میں ہزاروں معصوم جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور مکمل بستیاں صفحۂ ہستی سے مٹا دی گئی ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کب ہوگا؟ اور غزہ میں اسرائیلی مظالم و نسل کشی کو روکنے کے لیے دنیا کب عملی اقدامات کرے گی؟ ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں پر صرف منظوری کافی نہیں، جب تک ان پر مؤثر عمل نہ کیا جائے، انسانی المیے ختم نہیں ہوں گے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش کو ٹیگ کرتے ہوئے یہ مطالبہ بھی کیا کہ اقوام متحدہ کو اب صرف بیانات سے آگے بڑھتے ہوئے سخت اور مؤثر کارروائی کرنی چاہیے تاکہ اسرائیل کو بے گناہ فلسطینیوں کے قتل عام سے روکا جا سکے۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے حالیہ دنوں میں ایک اہم قرارداد منظور کی ہے جس میں فلسطین کے لیے دو ریاستی حل کی حمایت اور غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا، تاہم اسرائیل کی جانب سے ان مطالبات کو نظر انداز کرتے ہوئے حملے بدستور جاری ہیں، جن پر عالمی سطح پر شدید تشویش پائی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے تاریخی اقدامات کیے، 2.1 ملین گھروں کی تعمیر جاری: سحر کامران

مزید خبریں