اسلام آباد (محمد زاہد خان) اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے مقدمات درج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کیپٹن (ر) حمزہ ہمایوں نے واضح الفاظ میں اعلان کیا ہے کہ سگنل توڑنے، اوور اسپیڈنگ، خطرناک ڈرائیونگ اور نشے کی حالت میں گاڑی چلانے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔
سی ٹی او کے مطابق یہ اقدام شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور سڑکوں پر نظم و ضبط قائم رکھنے کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح شہریوں کو قوانین کی پابندی کا عادی بنانا اور ایک محفوظ ٹریفک ماحول کو یقینی بنانا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر نے بتایا کہ انفورسمنٹ کے ساتھ ساتھ آگاہی مہمات بھی جاری ہیں تاکہ شہریوں کو ٹریفک قوانین کی اہمیت سے روشناس کرایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ قوانین پر عمل درآمد سے نہ صرف حادثات کی شرح میں کمی ممکن ہے بلکہ ایک محفوظ اور خوشگوار سفر کو بھی یقینی بنایا جا سکتا ہے۔
مزید پڑھیں: الزامات ثابت نہ ہو سکے ، برطانیہ میں قومی کرکٹر حیدر علی کیخلاف ریپ کا مقدمہ خارج
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ قانون کی پاسداری کو اپنی ذمہ داری سمجھیں اور ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے ایک مہذب اور پرامن ٹریفک نظام کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔