اسلام آباد (خصوصی نمائندہ): وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP) کے چیئرمین نے معروف کاروباری شخصیت اور عالمی سطح پر پاکستانی کمیونٹی کے سرگرم رہنما جناب شہریار میمن کو اوورسیز پاکستانیوں اور بزنس و ٹریڈ لنکیجز کے لیے فوکل پرسن مقرر کر دیا ہے۔
اس اہم تقرری کا مقصد حکومتِ پاکستان کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے تعلقات کو مزید مضبوط بنانا، بین الاقوامی سطح پر تجارتی مواقع کو فروغ دینا، اور پاکستانی نوجوانوں کو عالمی مارکیٹوں سے جوڑنا ہے۔ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کی فنی تربیت، خود انحصاری، روزگار کے مواقع اور ان کی بین الاقوامی سطح پر رسائی کو ممکن بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے، اور اب ایک نئے وژن کے تحت پیش قدمی کر رہا ہے۔
اپنی تقرری پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے شہریار میمن نے کہا:
“یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے ایک ایسے اہم شعبے میں خدمات کا موقع ملا ہے، جو نہ صرف میرے دل کے قریب ہے بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ میں اپنی تمام تر توانائیاں، تجربات اور عالمی روابط اس قومی مشن کے لیے وقف کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں۔”
مزید پڑھیں: اسرائیلی حملہ: یو اے ای کے صدر دوحا پہنچ گئے، محمد بن سلمان کی آمد متوقع، وزیراعظم ہنگامی دورے پر روانہ
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد سے زائد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جنہیں اگر درست رہنمائی، مواقع اور عالمی مارکیٹوں تک رسائی فراہم کی جائے تو وہ ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔
شہریار میمن کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں لاکھوں پاکستانی مقیم ہیں، جن میں سے بیشتر کامیاب کاروباری افراد ہیں اور پاکستان کے ساتھ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات قائم کرنے میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں۔ ان کے مطابق اگر ان روابط کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا جائے تو پاکستان کی معیشت کو نئی بلندیوں تک لے جایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ان کے نئے کردار میں اولین ترجیح نوجوانوں کو بااختیار بنانا، انہیں عالمی مواقع سے جوڑنا اور روزگار و کاروبار کے پائیدار مواقع پیدا کرنا ہو گی تاکہ وہ نہ صرف اپنے مستقبل کو سنوار سکیں بلکہ ملک کی ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکیں۔