پیر,  08  ستمبر 2025ء
امریکی کمپنیوں کی پاکستان میں معدنیات اور لاجسٹکس میں 500 ملین ڈالر سرمایہ کاری کا اعلان

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے امریکی کمپنیوں یونائیٹڈ اسٹیٹس اسٹریٹجک میٹلز اور موٹا اینجل گروپ کے اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی، جس میں معدنیات، لاجسٹکس اور تعمیرات کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر اتفاق ہوا۔ اس موقع پر دو اہم معاہدوں پر بھی دستخط کیے گئے۔

سرکاری ٹی وی کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزرا بھی شریک تھے۔

وفد نے پاکستان میں تانبے، سونےاور رئیرارتھ ایلیمنٹس سمیت وسیع معدنی ذخائر میں سرمایہ کاری اور کان کنی میں ویلیو ایڈیشن پراسیسنگ اور بڑے انفراسٹرکچر منصوبوں میں تعاون کی خواہش ظاہر کی۔

اس سلسلے میں دو اہم مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے۔

فرنٹیئرورکس آرگنائزیشن اور یو ایس ایس ایم کے درمیان معاہدے کے تحت ابتدائی طور پر پانچ سو ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سمیت پاکستان سے اینٹیمونی ، تانبہ،سونا،ٹنگنسن اور رئیر ارتھ ایلیمنٹس کی برآمد اور بعد ازاں پاکستان میں جدید ریفائنری پر اتفاق ہوا۔

دونوں کمپنیوں کے درمیان یہ شراکت داری ٹیکنالوجی کی منتقلی، روزگار کے مواقع اور پائیدار ترقی کا باعث بنیں گی۔ امریکی کمپنی یونائیٹڈسٹیٹس سٹریٹجک میٹلز کمپنی ،سینٹ لوس، اور میسوری میں قائم ایک نمایاں مائننگ ری سائیکلنگ اور پراسیسنگ کا ادارہ ہے۔

معاہدے میں دفاع، ایروسپیس اور ٹیکنالوجی صنعتوں کے لیے اہم معدنیات میں تعاون کا فریم ورک وضع کیا گیا ہے۔

نیشنل لاجسٹک کارپوریشن اور موٹااینجل گروپ نے بھی شراکت داری پر اتفاق کیا جس کے تحت پاکستان میں لاجسٹک اور تعمیرات کے شعبے میں عالمی معیار کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں پاکستان آرمی کا بڑا سیکورٹی آپریشن: بھارتی خفیہ نیٹ ورک تباہ، دو انتہائی مطلوب دہشتگرد زندہ گرفتار

یہ پیشرفت پاکستان میں معدنیات اور لاجسٹک کے شعبے میں عالمی سرمایہ کاری کے فروغ میں سنگ میل ثابت ہو گی۔ موٹااینجل گروپ عالمی سطح پر انجینئرنگ اور تعمیرات میں معروف مقام رکھتا ہے اورمشرق وسطی و ایشیا نے اپنے منصوبوں کو وسعت دے رہا ہے۔

مزید خبریں