اتوار,  07  ستمبر 2025ء
اسلام آباد: سیلاب کی تباہ کاریوں پر حکومت کی مجرمانہ غفلت، خصوصی ٹاسک فورس بنانے کا مطالبہ
اسلام آباد: سیلاب کی تباہ کاریوں پر حکومت کی مجرمانہ غفلت، خصوصی ٹاسک فورس بنانے کا مطالبہ

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان کے معروف ڈیجیٹل نیٹ ورک “ٹاکیز لائیو” میں گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر محمد علی درانی اور سابق وفاقی سیکرٹری اشفاق گوندل نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر حکومت کی غیر سنجیدگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر اپنی نگرانی میں ایک اسپیشل ٹاسک فورس تشکیل دیں جو سیاسی اثر و رسوخ سے پاک ہو۔

گفتگو میں دونوں رہنماؤں نے واضح کیا کہ سیلاب سے خیبرپختونخوا، پنجاب اور اب سندھ میں شدید تباہی پھیل چکی ہے۔ لاکھوں لوگ اپنے مال و اسباب، گھر اور مویشیوں سے محروم ہو چکے ہیں اور کھلے آسمان تلے بے یارو مددگار زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔

انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ قدرتی آفت کے باوجود بروقت اقدامات نہ اٹھانا مجرمانہ غفلت ہے۔ محمد علی درانی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم چین میں ایس سی او کانفرنس کے دوران دنیا کی توجہ پاکستان میں جاری انسانی بحران کی طرف مبذول کرا سکتے تھے، مگر اس حوالے سے ایک لفظ تک نہیں کہا گیا۔

درانی کے مطابق اقوام متحدہ نے پچھلے سیلاب میں پاکستان کو 15 ارب ڈالر نقصان کا تخمینہ دے کر بحالی منصوبے طلب کیے تھے، لیکن حکومت صرف 3 ارب ڈالر کے منصوبے ہی پیش کر سکی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ موجودہ حکومت صرف نمائشی دوروں، میڈیا ڈراموں اور بیانات تک محدود ہے جبکہ زمینی حقائق کو چھپایا جا رہا ہے۔

اشفاق گوندل نے کہا کہ این ڈی ایم اے اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ ادارے اپنی افادیت کھو چکے ہیں اور عوام کی نظریں اب صرف افواجِ پاکستان اور رینجرز پر ہیں جنہوں نے متاثرین کی مدد میں کلیدی کردار ادا کیا۔

مزید پڑھیں: بھارت کا پاکستان کو دریاؤں میں اونچے درجے کے سیلاب کا انتباہ

دونوں رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ ایک غیر سیاسی اسپیشل ٹاسک فورس بنائی جائے جس میں طلبہ، سماجی کارکن اور تکنیکی ماہرین شامل ہوں تاکہ نقصانات کا حقیقی تخمینہ لگایا جا سکے اور ایک موثر بحالی منصوبہ بنایا جا سکے۔

انہوں نے زور دیا کہ عالمی مالیاتی اداروں کے وفود کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کرایا جائے تاکہ وہ زمینی حقائق دیکھ کر پاکستان کے لیے مالی مدد کے فیصلے کر سکیں۔

محمد علی درانی نے خبردار کیا کہ اگر حالات کو سنجیدگی سے نہ لیا گیا تو ملک میں خانہ جنگی جیسے حالات پیدا ہو سکتے ہیں، کیونکہ عوام موجودہ حکمرانوں سے سخت مایوس ہو چکے ہیں۔

مزید خبریں