اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق بھارت نے پاکستان کو دریاؤں میں اونچے درجے کے سیلاب کی اطلاع دے دی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ستلج ہریکے کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کی اطلاع دی گئی ہے۔ اور ستلج فیروز پور کے مقام پر بھی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔
ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق وزارت آبی وسائل نے صوبائی حکومتوں اور اداروں کو الرٹ جاری کر دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ این ڈی ایم اے اور واپڈا سمیت تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔ جبکہ تمام صوبوں کے چیف سیکرٹریز کو سیلاب الرٹ بھجوا دیا گیا ہے۔
دوسری جانب سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے سیلاب سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کر دیئے۔
یہ بھی پڑھیں:دریائے چناب میں سیلاب متاثرین کو بچاتے ہوئے کشتی الٹ گئی، 5 افراد جاں بحق
پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے سیلاب سے متعلق اعدادوشمار بتاتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے 14 لاکھ 96 ہزار 363 ایکڑ رقبے پر کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا۔ اور پنجاب میں 42 لاکھ سے زائد لوگ سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دریائے چناب کے 1957 اور دریائے راوی کے 1477 موضع جات متاثر ہوئے۔ جبکہ دریائے ستلج کے سیلابی پانی سے پنجاب کے 625 موضع جات متاثر ہوئے۔
سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیرنگرانی تاریخی ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ سیلاب متاثرین کو خوراک اور صاف پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ اور فیلڈ اسپتالوں کے ذریعے متاثرین کو انسولین اور ادویات فراہم کی جا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جن شہروں میں سیلابی پانی کا بہاؤ زیادہ ہے وہاں مشینری اور عملہ تعینات ہے۔ اور ممکنہ مقامات سے پانی کا بہاؤ موڑا کر آبادیوں کو بچایا جا رہا ہے۔