جمعه,  31 اکتوبر 2025ء
کالا باغ ڈیم پرعلی امین گنڈاپورکا بیان ذاتی رائے ہے، پارٹی مؤقف نہیں، اسد قیصر

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپورکا کالا باغ ڈیم سے متعلق بیان پارٹی پالیسی کی عکاسی نہیں کرتا بلکہ یہ اُن کی ذاتی رائے ہے۔

اسد قیصرنے واضح کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں متنازع منصوبوں کوچھیڑنا دانشمندی نہیں، ہم نہیں سمجھتے کہ فی الحال کالا باغ ڈیم کی تعمیرضروری ہے کیونکہ اس سے سیاسی اوربین الصوبائی اختلافات کو ہوا مل سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کواس وقت ایسے منصوبوں کی ضرورت ہے جو قابل عمل فوری طورپرممکن اورکم متنازع ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چھوٹے ڈیموں کی تعمیرجیسے اقدامات زیادہ مؤثرہوسکتے ہیں اورگنڈاپورکے اپنے علاقے کیلئے چشمہ رائٹ بینک کینال کا منصوبہ ہی پانی کی ضروریات کو پورا کرسکتا ہے، اس طرح کے علاقائی منصوبے زیادہ فائدہ مند اورکم تنازعات کا شکارہوتے ہیں۔

سابق اسپیکرنے زوردیا کہ موجودہ وقت ملک میں اتحاد، ہم آہنگی اور یکجہتی کا ہے اورایسے معاملات جوماضی میں اختلافات کا باعث بنے، انہیں غیرضروری طورپراٹھانا قومی مفاد میں نہیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت پھر بغیر کارروائی کے ملتوی

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی ایک ذمہ دار سیاسی جماعت ہے اور وہ ایسے بیانات سے خود کوالگ رکھتی ہے جو کسی بھی طرح سے قومی وحدت کومتاثرکریں۔

 خیال رہےکہ  وزیراعلیٰ خیبرپختونخواعلی امین نے گزشتہ دنوں ایک بیان میں کالا باغ ڈیم کو ملک اورآنے والی نسلوں کیلئے ناگزیرقراردیا تھا، منصوبے سے نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ سندھ اورپنجاب بھی مستفید ہونگے۔

مزید خبریں