اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وفاقی حکومت نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 6 ستمبر بروز ہفتہ کو تمام سرکاری، نیم سرکاری ادارے، اسکولز، کالجز اور دفاتر بند رہیں گے۔
اعلان کے بعد سرکاری و نجی شعبے میں کام کرنے والے لاکھوں ملازمین کوایک ساتھ دو چھٹیاں (ہفتہ ، اتوار) ہونگی۔
دوسری جانب شہری مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ عید میلاد النبی ﷺ کی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ملک کے مختلف شہروں میں جلوسوں اور محافل میلاد کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ گلیوں، بازاروں اور عمارتوں کو برقی قمقموں اور سبز جھنڈیوں سے سجایا جا رہا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے سیکیورٹی پلان بھی مرتب کر لیا گیا ہے تاکہ مرکزی جلوسوں اور اجتماعات کو فول پروف تحفظ فراہم کیا جا سکے۔ پولیس کے اضافی دستے تعینات کیے جائیں گے جبکہ ٹریفک کا متبادل پلان بھی تیار کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
مزید پڑھیں: چلاس میں گلگت بلتستان حکومت کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 3 افراد جاں بحق
واضح رہے کہ عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر ہر سال کی طرح اس بار بھی ملک بھر میں جلوسوں، محافل اور اجتماعات کا انعقاد کیا جائے گا، جن میں لاکھوں عاشقانِ رسول ﷺ شریک ہوں گے۔