جمعرات,  28  اگست 2025ء
سیلاب متاثرین کو فصلوں ، باغات ، مال مویشیوں کے نقصان کا بھی معاوضہ دیا جائیگا ، علی امین گنڈاپور

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کیلئے معاوضے دگنے کر دیئے ، نقصانات کا سو فیصد ازالہ کریں گے، فصلوں، باغات اور مال مویشیوں کے نقصانات کا بھی معاوضہ دیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں مجموعی طور پر 406 افراد جاں بحق ، 245 زخمی ہوئے جبکہ 664 گھر مکمل تباہ اور 2431 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا، 511 سڑکیں، 77 پل اور 2123 دکانیں بھی متاثر ہوئیں۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریسکیو کارروائیوں کے دوران 5566 افراد کو بچایا گیا ، متاثرہ علاقوں میں 2061 اہلکار اور 176 گاڑیاں و کشتیاں بھیجی گئیں، اب تک 136 رابطہ سڑکیں اور 65 پل بحال کیے جا چکے ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ریسکیو آپریشن کے بعد ریلیف سرگرمیوں کا آغاز کیا گیا جن میں متاثرین کو ایک لاکھ 19 ہزار افراد تک کھانا فراہم کیا گیا، 125 ٹرکوں پر امدادی سامان بھیجا گیا اور 70 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے۔

مزید پڑھیں: دریائے چناب ہیڈ قادرآباد میں پانی کا بہاؤ تیز؛ سیلاب سے بند ٹوٹنے کا خدشہ، انخلا کی ہدایات جاری

انہوں نے کہا کہ اب تک 350 جاں بحق افراد کے لواحقین کو 654 ملین ، 18 زخمیوں کو ایک کروڑ 95 لاکھ ، 4432 افراد کو فوڈ سٹیمپ کی مد میں 6 کروڑ 65 لاکھ ، گھروں کی مد میں 7 کروڑ 90 لاکھ  اور دکانوں کے معاوضے کی مد میں 2 کروڑ 80 لاکھ روپے ادا کیے جا چکے۔

مزید خبریں