راولپنڈی(روشن پاکستان نیوز) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا کہنا ہے کہ حالت جنگ ہو یا امن،پاک فوج عوام کے شانہ بشانہ ہے،باطل قوتوں کو مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہونے دیں گے،وزیراعظم اور صوبائی حکومتیں ہنگامی صورتحال میں متحرک ہیں۔
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کل رات سے سیلابی صورتحال ہے،وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی خصوصی ہدایات پر امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔
پنجاب ،خیبر پختونخوا اور آزادکشمیر میں فلڈ یونٹس کام کررہے ہیں،سیلاب متاثرہ علاقوں میں 29 میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں،ایک انجینئر بریگیڈ اور 30 یونٹس سیلاب ریلیف آپریشن میں مصروف ہیں۔
میڈیکل کیمپوں میں20ہزار سے زائد لوگوں کو سہولت فراہم کی گئیں،28ہزارافراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے،اس کے علاوہ سیلاب متاثرین میں225ٹن راشن بھی تقسیم کیا گیا ہے۔
بہت سے علاقوں میں پاک فوج کے امدادی اور ریسکیوآپریشنز جاری ہیں،متاثرہ علاقوں میں پلوں اور شاہراہوں کی بحالی کا کام مکمل کیا گیا،امدادی کارروائیوں کے دوران پاک فوج کے 2جوان شہید،2زخمی ہوئے۔
کرتارپور میں کشتیوں کے ذریعے ریسکیو آپریشن جاری ہے،مشکلات کا شکار خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں،گلگت بلتستان میں بھی ایئر ریلیف آپریشن جاری ہے۔شاہراہ قراقرم کھول دی گئی ہے،غذر کی شاہراہوں کی بحالی کا کام جاری ہے۔