پیر,  25  اگست 2025ء
راولپنڈی پولیس کی مجرمان کے خلاف بھرپور کارروائیاں: منشیات، اسلحہ، ڈکیتی اور ناجائز شراب کے خلاف بڑے آپریشن

راولپنڈی(کرائم رپورٹر) راولپنڈی پولیس نے مختلف علاقوں میں مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کرلیا، جن میں ڈکیتی، منشیات فروشی، ناجائز اسلحہ، موٹر سائیکل چوری اور شراب فروشی میں ملوث افراد شامل ہیں۔ پولیس ترجمان کے مطابق یہ تمام کارروائیاں سی پی او سید خالد ہمدانی کی ہدایات پر عمل میں لائی گئیں، جن کا مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانا ہے۔

سابقہ رنجش پر شہری کو زخمی کرنے والے 2 افراد گرفتار

رتہ امرال پولیس نے سابقہ رنجش پر تشدد کر کے شہری کو زخمی کرنے والے 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔ مقدمہ ایک ہفتہ قبل درج کیا گیا تھا، اور پولیس نے ہیومن انٹیلی جنس سمیت تمام ذرائع بروئے کار لاکر ملزمان کو گرفتار کیا۔ ایس پی راول سعد ارشد کے مطابق ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ چالان کیا جائے گا۔

ڈکیتی اور موٹر سائیکل چوری میں ملوث ملزم گرفتار

رتہ امرال پولیس نے ایک اور کارروائی میں ڈکیتی اور موٹر سائیکل چوری کی وارداتوں میں ملوث ایک شخص کو گرفتار کیا، جس سے مسروقہ موٹر سائیکل اور 20 ہزار روپے کی چھینی گئی رقم برآمد کر لی گئی۔

منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی

تھانہ سٹی پولیس نے 2 افراد کو گرفتار کر کے 2.76 کلوگرام چرس برآمد کرلی۔ دونوں کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کیے گئے۔ ترجمان پولیس کے مطابق منشیات کے ناسور کے خاتمے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

شراب فروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن: 15 افراد گرفتار، 100 لیٹر سے زائد شراب برآمد

پیر ودھائی، رتہ امرال، سٹی، گنج منڈی، بنی، صادق آباد، صدر واہ اور گوجر خان پولیس نے مشترکہ کارروائیوں میں 15 افراد کو حراست میں لے کر 100 لیٹر سے زائد شراب برآمد کرلی۔ ڈویژنل ایس پیز کے مطابق شراب کے ناسور کا خاتمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

ناجائز اسلحہ رکھنے والے 4 افراد گرفتار

صدر واہ، واہ کینٹ، چکلالہ اور آر اے بازار کے علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے 4 افراد سے ناجائز اسلحہ بمعہ ایمونیشن برآمد کیا۔

کھلی کچہریاں اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ

سی پی او راولپنڈی سید خالد ہمدانی نے تھانہ مندرہ اور گوجر خان میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا، جہاں شہریوں کی شکایات سنی گئیں اور افسران کو فوری کارروائی کی ہدایات جاری کی گئیں۔

ایس ایس پی انوسٹیگیشن کا ٹیکسلا کا دورہ

ایس ایس پی انوسٹیگیشن رضا تنویر سپرا نے تھانہ ٹیکسلا اور سیف سٹی پروجیکٹ کا دورہ کیا۔ افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے اہم مقدمات پر فوری اور مؤثر کارروائی کے احکامات جاری کیے۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: صحافی سعادت رشید کو جان سے مارنے کی دھمکی، ملزم گرفتار

منشیات فروش کو 14 سال قید کی سزا

معزز عدالت نے 3 کلوگرام چرس برآمد ہونے پر گرفتار منشیات فروش ظہیر کو 14 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ سی پی او نے ایس ایس پی انوسٹیگیشن اور تفتیشی ٹیم کو شاباش دی۔

ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں