پیر,  25  اگست 2025ء
انڈین خفیہ ایجنسی “را” کا نیٹ ورک بے نقاب، پاکستان میں دہشت گردی کی سازش ناکام

اسلام آباد (محمد زاہد خان): پاکستانی خفیہ اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انڈین بدنام زمانہ دہشت گرد انٹیلیجنس ایجنسی “را” (R&AW) کا ایک وسیع نیٹ ورک بے نقاب کر دیا ہے، جو پاکستان میں دہشت گردی، بدامنی اور حساس اداروں پر حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھا۔

ذرائع کے مطابق “را” نے متحدہ عرب امارات، قطر اور ملائیشیا میں سیلپر سیلز (خفیہ اڈے) قائم کیے ہوئے تھے، جن کے ذریعے وہ بیرون ملک کام کرنے والے پاکستانیوں کو بھاری رقوم کا لالچ دے کر اپنے جال میں پھنسا رہا تھا۔ ان پاکستانیوں سے پاک افواج، حساس اداروں، تنصیبات اور اہم مقامات سے متعلق معلومات حاصل کی جاتی تھیں، تاکہ پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں کو عملی جامہ پہنایا جا سکے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی سے گرفتار کیے گئے “را” نیٹ ورک کے کارندے، دراصل راولپنڈی اور اسلام آباد سے چند سال قبل گرفتار ہونے والے 11 بھارتی ایجنٹس کی تفتیش کے دوران سامنے آنے والے حقائق کی بنیاد پر سامنے آئے۔ ان 11 ایجنٹس کو جیشِ محمد کے ایک لیڈر کی ٹارگٹ کلنگ کی کوشش پر صنم چوک، کھنہ پل اسلام آباد کی حدود سے گرفتار کیا گیا تھا، جن میں سے پانچ کا تعلق گجرخان سے تھا۔

مزید پڑھیں: بھارتی ٹیم کے اہم کھلاڑی نے کرکٹ سے اچانک ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا

حالیہ کارروائیوں میں کراچی اور کوئٹہ سے “را” کے چھ مقامی ایجنٹس کو سی ٹی ڈی (کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ) نے خفیہ معلومات اور مسلسل نگرانی کے بعد گرفتار کر لیا۔ گرفتار ایجنٹس سے تفتیش جاری ہے، اور مزید اہم انکشافات کی توقع کی جا رہی ہے۔ تفتیش کے نتیجے میں مزید گرفتاریاں بھی متوقع ہیں۔

سیکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ دشمن ملک کی ان کارروائیوں کا مقصد پاکستان کو عدم استحکام کا شکار بنانا اور حساس اداروں کو نشانہ بنانا تھا، تاہم بروقت کارروائی سے اس نیٹ ورک کو ختم کر دیا گیا ہے۔

مزید تحقیقات جاری ہیں اور حکومت نے متعلقہ ممالک سے تعاون کی درخواست بھی کی ہے تاکہ بیرون ملک موجود سیلپر سیلز کو بھی بے نقاب کیا جا سکے۔

مزید خبریں