اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے حالیہ سیلاب سے متاثرہ خیبر پختونخوا کے علاقے بونیر میں انسانی ہمدردی کے تحت امدادی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ شدید بارشوں اور طوفانی سیلاب نے نہ صرف درجنوں مکانات کو تباہ کر دیا بلکہ بے شمار خاندان کھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
اس مشکل گھڑی میں PFUJ نے متاثرین کی فوری امداد کے لیے “میڈیا کمیٹی برائے سیلاب متاثرین” قائم کر دی ہے۔ اس کمیٹی کا مقصد متاثرہ افراد کو بنیادی ضروریات زندگی، جیسے راشن، کپڑے، کمبل، خیمے، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی ممکن بنانا ہے۔
PFUJ کے صدر افضل بٹ اور سیکریٹری جنرل ارشد انصاری نے اس مہم کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری ہمیشہ سے انسانیت کے لیے ہر اول دستے کا کردار ادا کرتی رہی ہے اور اب بھی وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنے وسائل اور رابطوں کو بروئے کار لاتے ہوئے سیلاب متاثرین کی مدد کریں۔
انہوں نے ملک بھر کے صحافیوں، میڈیا اداروں اور فلاحی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ آگے بڑھ کر اس مہم کا حصہ بنیں اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی میں اپنا کردار ادا کریں۔
امدادی اشیاء اور عطیات PFUJ کے مرکزی دفتر، G-7/2 اسلام آباد میں جمع کروائے جا سکتے ہیں۔