کراچی(روشن پاکستان نیوز) سندھ حکومت نے کل کراچی میں اسکول بند رکھنے کا اعلان کر دیا۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ کل کراچی میں نجی اور سرکاری اسکول بند رہیں گے، شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سڑکوں پر پانی موجود ہے،کچھ وقت لگے گا نکل جائےگا۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کی پریشانی کا احساس ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ کراچی میں بارش کے دوران حکومت سندھ کی تمام مشینری فعال ہے اور نکاسی آب کا عمل جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں میں اب بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے، اس لیے شہری بارش تھمنے کا انتظار کریں اور احتیاط برتیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عوام کی جان اور حفاظت سب سے مقدم ہے، اسی لیے شہریوں کو چاہیے کہ وہ اپنی حفاظت کے لیے گھروں میں رہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر سعید غنی اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی قیادت میں ضلعی انتظامیہ، کے ایم سی، واٹر بورڈ اور ریسکیو ادارے پوری طرح متحرک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برساتی نالوں کی صفائی، رکاوٹوں کے خاتمے، مشینری کے ذریعے پانی نکالنے اور ایمرجنسی راستوں کو کھلا رکھنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔