لاہور(روشن پاکستان نیوز) وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بھارتی جہازوں کے گرنے کے ویڈیو ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں۔ فیصلہ ہوا تھا کہ جب تک طیارے گرنے کی ویڈیوز ہمارے پاس نہیں ہوں گی اعلان نہیں کریں گے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران ہماری انٹیلی جنس ایجنسیاں پس پردہ رہ کر کام کر رہی تھیں۔ اور ہماری خفیہ ایجنسیز نے پس پردہ رہ کر بھارت کی ہر چالاکی کا پردہ چاک کیا۔ لیکن چند لوگ ہماری انٹیلی جنس ایجنسیوں کو برا بھلا کہنے سے باز نہیں آتے۔
انہوں نے کہا کہ انٹیلی جنس ایجنسیوں کی بدولت ہم بھارت کے ہر مذموم منصوبے سے آگاہ تھے۔ اور پاک بھارت جنگ جیتنے میں خفیہ ایجنسیز کا مرکزی کردار ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ جب بھارت کے جہاز گر گئے تو فیصلہ یہ ہوا کہ جب تک ثبوت نہیں ہو گا ہم اعلان نہیں کریں گے۔ جبکہ ہمیں ریڈار کے ذریعے پتہ چل گیا تھا لیکن فیلڈ میں ثبوت چاہیئے تھے۔ ویڈیوز ان کے میڈیا کے پاس بعد میں اور ہمارے پاس پہلے پہنچتی تھیں۔ بھارت کے گرائے گئے 6 کے 6 جہازوں کی ہمارے پاس ویڈیوز موجود ہیں جس میں وہ گرے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ میں اللہ تعالیٰ نے ہمارے لیے غیبی مدد کی تھی۔ بھارت نے ہمارے ایک بیس پر 7 راکٹ فائر کیے۔ اور وہ اہم بیس تھا۔ لوگ پریشان ہو گئے کہ اس بیس پر قیمتی اثاثے موجود ہیں۔ تاہم ساتوں میزائل بیس تک نہیں پہنچ سکے۔ کوئی پہلے گر گیا کوئی بعد میں گرا۔ کسی بھارتی میزائل کو پاکستانی ائیر بیسز تک رسائی نہیں مل سکی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ جنگ کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی حکمت عملی بہترین رہی۔ اور بھارت میں فوجی تنصیبات کو ہم نے کامیابی سے نشانہ بنایا۔ اجیت ڈوول اور امیت شاہ پہلگام ڈرامے کے اصل کردار ہیں۔ اور یہی وجہ ہے اجیت ڈوول اور امیت شاہ کا بھیانک کردار بھارت کو لے ڈوبے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران سعودی حکومت کا وفد پاکستان آیا۔ سعودی وفد دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کے کردار کے لیے پاکستان کے دورے پر آیا۔ جنگ کے دوران بھارتی عسکری اور سیاسی قیادت میں واضح خلیج موجود تھی۔ جبکہ پاکستان نے سیاسی اور عسکری محاذ پر بہترین حکمت عملی ترتیب دی۔ اور پاکستان میں ملک کی تمام سیاسی جماعتیں جنگی صورتحال میں متحد رہیں۔
مزید پڑھیں: ’تین مزید مون سون سسٹمز پاکستان کی طرف بڑھ رہے ہیں‘، این ڈی ایم اے نے خبردار کردیا
محسن نقوی نے کہا کہ بھارت اس وقت پاکستان میں کھلے عام دہشتگردی میں ملوث ہے۔ اور تمام دہشتگرد سرگرمیوں کا سب سے بڑا مفاد بھارت نے حاصل کیا۔ بھارت بلوچستان میں دہشتگردی کے لیے کے لیے کالعدم بی ایل اے کی پشت پناہی کر رہا ہے۔
کشمیر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کو جب تک حق نہیں مل جاتا پاکستان کوشش کرتا رہے گا۔ اور کشمیر کے معاملے پر بھارت کو بھاگنے نہیں دیں گے۔