راولپنڈی (سید شہریار) تھانہ روات کی حدود میں واقع ملک پور عزیزال (برولہ) میں ایک بااثر ہاؤسنگ سوسائٹی کی جانب سے شاملات اراضی پر مبینہ قبضے اور بلڈوزنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے مقامی شہری نوید اختر نے ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کو درخواست دے کر فوری تحقیقات اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
نوید اختر، جو موضع ملک پور عزیزال میں جدی مالک و قابض ہیں، نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ان کی اراضی، جس میں کھیوت نمبر 150، قطعہ 179، مجموعی طور پر 6032 کنال 7 مرلہ شاملات شامل ہیں، پر ایک ہاؤسنگ سوسائٹی ناجائز قبضہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ شہری کا دعویٰ ہے کہ سوسائٹی کا نمائندہ ایک ریٹائرڈ آفیسر تنویر اس تمام کارروائی کا انچارج ہے اور چراگاہ، تالاب، قبرستان اور راستوں کو بلڈوز کر کے شاملات کی ہیت تبدیل کی جا رہی ہے، جو کہ واضح طور پر قانون و عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے۔
نوید اختر کے مطابق، ہاؤسنگ سوسائٹی کی انتظامیہ قانون کو نظر انداز کرتے ہوئے طاقت کے زور پر شاملات کو تباہ کر رہی ہے اور جنگلات کی کٹائی بھی بلا روک ٹوک جاری ہے۔
مزید پڑھیں: حافظ آباد میں اربوں کی متروکہ اوقافی اراضی پر قبضہ، غیر قانونی تعمیرات بے نقاب
شہری نے مزید الزام عائد کیا کہ 10 ماہ قبل قبضے کی ایک اور کوشش کے دوران اس کے بھتیجے ثاقب جمیل کو فائرنگ کر کے زخمی کیا گیا تھا، جس کا مقدمہ نمبر 1258 تھانہ روات میں درج ہے، مگر تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
نوید اختر نے مطالبہ کیا ہے کہ موقع پر معائنہ کر کے غیر قانونی سرگرمیوں کو فوری طور پر روکا جائے اور تنویر سمیت تمام ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔