اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور ممبر قومی اسمبلی سحر کامران نے قوم کو 78ویں یومِ آزادی کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن ہماری قومی تاریخ میں عظیم جدوجہد، قربانیوں اور اتحاد کی علامت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری بے شمار قربانیوں کا نتیجہ ہے اور ہمیں اس کی حفاظت، استحکام اور ترقی کے لیے اپنے اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔
سحر کامران نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں یاد دلاتا ہے کہ قومی یکجہتی، باہمی احترام، اور جذبہ حب الوطنی ہی ہماری اصل طاقت ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح کے سنہری اصول آج بھی ہماری رہنمائی کرتے ہیں اور ہمیں چاہیے کہ ہم ان اصولوں کو اپنی انفرادی اور قومی زندگی کا حصہ بنائیں۔
انہوں نے اس موقع پر وطن کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ شہداء کی قربانیاں ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ سحر کامران نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں ہر شہری کا کردار کلیدی حیثیت رکھتا ہے، اور خاص طور پر نوجوان نسل ہمارا قیمتی سرمایہ ہے جو ملک کا مستقبل سنوارنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کا کردار بھی ملکی ترقی میں ناقابلِ فراموش ہے اور معاشرے کی حقیقی تبدیلی کے لیے خواتین کی شمولیت نہایت اہم ہے۔ سحر کامران نے یومِ آزادی کے موقع پر اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم سب کو ایمانداری، محنت اور دیانت کے ساتھ وطن کی خدمت کرنی چاہیے تاکہ پاکستان کو ایک مضبوط، خوددار اور خوشحال ریاست بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پرچم ہماری شان، وقار اور پہچان ہے، اور یہ ہر پاکستانی کے دل میں خاص مقام رکھتا ہے۔ سحر کامران نے قوم سے اپیل کی کہ آئیں، ہم سب آج اس عہد کی تجدید کریں کہ ہم پاکستان کی ترقی، اتحاد اور استحکام کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔