اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد کے جناح اسپورٹس کمپلیکس میں یومِ آزادی اورمعرکہ حق کی فتح کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں صدرمملکت آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف، ، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور مسلح افواج کے سربراہان نے بھی شرکت کی۔
تقریب میں وفاقی کابینہ کے ارکان، قومی اسمبلی اورسینیٹ ارکان اوردوست ممالک کے سفراء بھی شریک ہوئے۔ یومِ آزادی اور معرکہ حق کی فتح کی تقریب میں بڑی تعداد میں شہری بھی شریک ہوئے۔
تینوں مسلح افواج پر مشتمل میوزک بینڈ نے شاندار مارچ پاسٹ کیا، پاک آرمی، پاک بحریہ، فضائیہ کے چاق و چوبند دستوں، پنجاب رینجرز اور ایف سی خیبرپختونخوا کے دستے نے بھی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔
مزید پڑھیں: سری لنکا ، بنگلہ دیش ، عراق ، سوڈان اور گنی بسائو پاکستان کے 30 کروڑ ، 45 لاکھ ڈالر کے ڈیفالٹر
قومی پرچم کی آمد پر حاضرین نے کھڑے ہو کر پُرتپاک استقبال کیا، علم بردار دستے نے مارچ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا، حاضرین نے کھڑے ہو کر قومی پرچم کو سلامی دی۔
معرکہ حق اور جشن آزادی کی تقریب میں آذربائیجان اور ترکیہ کی مسلح افواج کے دستوں نے بھی شرکت کی اور شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔
دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پشاور، لاہور سمیت ملک بھر کے چھوٹے بڑے شہروں میں 14 اگست یومِ آزادی کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، اہم سرکاری و نجی عمارات کو قومی پرچم، جھنڈیوں اور رنگ برنگی برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔
شہروں، قصبوں اور دیہات میں جگہ جگہ قومی پرچم، بیجز، جھنڈیاں اور دیگر قومی اشیاء کے سٹال لگ چکے ہیں جہاں سے شہریوں نے خریداری کر لی ہے اور بڑی تعداد میں شہری خریداری میں مصروف ہیں، قومی پرچم کے رنگوں سے مزین کھلونے، شرٹس، بیجز اور سٹیکرز لوگوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔
پنجاب بھر میں جشن آزادی کی تقریبات جاری ہیں اور اس مرتبہ پنجاب حکومت اس دن کو منفرد انداز میں منا رہی ہے، معرکہ حق کے شہداء اور غازیوں کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا۔