اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ آرمی راکٹ فورس کمانڈ پاکستان کی جنگی صلاحیت کو مزید مضبوط کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاکستان نے بھارت کو تاریخ کا وہ سبق سکھایا جو ان کی آنے والی نسلیں بھی قیامت تک یاد رکھیں گے، معرکہ حق نے ثابت کردیا ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دے کر جو آزادی حاصل کی تھی ، ہم اس کی حفاظت کرنے کی پوری صلاحیت اور طاقت رکھتے ہیں۔
جشن آزادی اور معرکہ حق میں کامیابی کی مناسبت سے منعقد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آپ سب کو یوم آزادی کے 78 سال مکمل ہونے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں، آج کا دن کوئی عام دن نہیں اس کی طویل تاریخ ہے جس کے ہر موڑ پر ہمارے بزرگوں کی قربانیاں اور شہیدوں کے لہو کی نشانیاں ہر جگہ نظر آتی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ یہ محض آزادی کی جنگ نہیں تھی بلکہ دو قومی نظریہ کی فتح تھی، تحریک پاکستان کے تمام قائدین اور کارکنان کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں جن کی دور اندیش قیادت اور عظیم جدوجہد نے تاریخ بدل ڈالی۔
’بھارت بھول گیا کہ جنگیں صرف ہتھیاروں کے بل بوتے پر نہیں لڑی جاتیں‘
شہباز شریف کے بقول ہم نے اس جشن آزادی کو معرکہ حق کا نام دیا ہے، حال ہی میں کس طرح بھارت نے ایک جھوٹے اور خود ساختہ الزام کی آڑ لے کر اچانک پاکستان پر حملہ کیا، اسے یہ گھمنڈ تھا کہ وہ اپنی جنگی طاقت کے بدولت پاکستان کو زیر کرلے گا لیکن وہ یہ بھول گیا کہ جنگیں صرف ہتھیاروں کے بل بوتے پر نہیں لڑی جاتیں بلکہ اس کے لیے ایسے نڈر بیٹوں کی ضرورت ہوتی ہے جو اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر میدان جنگ میں کود پڑتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صرف 4 دنوں میں بھارت کا غرور خاک میں مل گیا کیوں کہ اس کا مقابلہ ایسی فوج سے ہوا جس کی پشت پر سپاہ سالار فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور چیئرمین جوائنٹس چیف اسٹاف آف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور ایئر چیف مارشل ظہیر بابر اور نیول چیف ایڈمرل نوید اشرف جیسے بہادر اور قابل عسکری سالار کھڑے تھے اور ان کی کمان میں وہ جوان تھے جنہوں نے بھارت کو تاریخ کا وہ سبق سکھایا جو ان کی آنے والی نسلیں بھی قیامت تک یاد رکھیں گے۔
وزیراعظم کے بقول یہ وہ بہادر نوجوان ہے جو دشمن کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر لڑتے ہیں اور ان کی مائیں اس دعا کے ساتھ انہیں گھروں سے رخصت کرتی ہیں کہ بیٹا اپنی جان دے دینا لیکن وطن کی آزادی ، سلامتی اور شان پر کبھی آنچ نہ آنے دینا، بھلا ایسی قوم کو کوئی شکست دے سکتا ہے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر قوم کا عظیم بیٹا ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر قوم کا وہ عظیم بیٹا ہے جس نے بھارت کے جنگی جنون کے خلاف ایسی دلیرانہ اور دانشمندانہ حکمتی عملی بنائی جس کا اعتراف دوست اور دشمن سب کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ جس طرح 14 اگست 1947 کو ایک نئے آزاد ملک نے جنم دیا ایسے ہی 10 مئی 2025 کو ایک نئی قوم سامنے آئی، معرکہ حق نے ثابت کردیا ہمارے بزرگوں نے قربانیاں دے کر جو آزادی حاصل کی تھی ، ہم اس کی حفاظت کرنے کی پوری صلاحیت اور طاقت رکھتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہماری ایٹمی طاقت کسی طور پر بھی جارحانہ سوچ نہیں رکھتی بلکہ ہم نے بھارت کی جوہری طاقت کے مقابلے میں اپنی دفاعی صلاحیت مضبوط کرنے کے لیے ایٹمی طاقت کا راستہ اپنایا۔
معرکہ حق میں کامیابی پر ہمارے مخلص دوستوں کا بھی ہاتھ ہے، شہبازشریف
شہباز شریف نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی پر ہمارے مخلص دوستوں کا بھی ہاتھ ہے، جنہوں نے سفارتی سطح پر ہمارا ساتھ دیا اور مشکل گھڑی میں ہمارا حوصلہ بڑھایا، اس حوالے سے ہمارے بااعتماد دوست چین، سعودی عرب، ترکیہ، یو اے ای، ترکیہ، ایران اور آذربائیجان نے جس طرح عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کی کھل کر حمایت کی پاکستان ان کا شکریہ ادا کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ ملکر جنگ بندی کے لیے مثبت کردار ادا کیا، مجھے امید ہے کہ خطے میں دریپا امن کے لیے ٹرمپ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور انصاف کے تقاضوں کے مطابق حل کروانے میں اپنا کردار اد اکریں گے۔
آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی تشکیل کا اعلان
تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی راکٹ فورس کمانڈ کی تشکیل کا اعلان کرتے ہوئے یہ فورس ہماری جنگی صلاحیتوں کو مزید مؤثر بنائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس کے تعاون سے ایف بی آر کے کیسز جلد حل ہوئے، رواں سال قومی خزانے میں 100 ارب سے زائد رقوم جمع ہوئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ اب ہم کسی نئے فتنے کو جگہ نہیں دیں گے، سب کو احتجاج کا حق نہیں لیکن جلاؤ گھیراؤ کا نہیں، سیاست کا حق ہے لیکن ریاست کے خلاف بغاوت کا نہیں، ہم اسے کبھی پنپنے نہیں دیں گے۔
تمام جماعتوں کو میثاق استحکام پاکستان کا حصہ بننے کی دعوت
وزیراعظم شہباز شریف نے تمام جماعتوں کو میثاق استحکام پاکستان کا حصہ بننے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ میثاق معیشت ہی نہیں قومی مفاد بھی ہے۔
معرکہ حق میں فتح اور جشن آزادی کی مناسبت سے اسلام آباد میں رنگا رنگ تقریب
پاکستان کے 78 ویں جشن آزادی اور معرکہ حق میں کامیابی کی مناسبت سے اسلام آباد جناح گراؤنڈ میں شاندار اور پروقار تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیرِاعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔
معرکہ حق اور جشن آزادی کی تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری، سینئر وزیر مریم اورنگزیب بھی شریک تھیں۔
اس کے علاوہ اعلیٰ عسکری قیادت اور دوست ممالک کے سفرا، وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور شہریوں کی بڑی تعداد بھی تقریب میں موجود تھی۔
مرکزی تقریب کا تلاوت قرآن پاک سے آغاز
مرکزی تقریب کا آغاز قرآن مجید فرقان حمید کی تلاوت سے ہوا اور قومی ترانہ پیش کیا گیا، جس کے بعد تینوں مسلح افواج پر مشتمل میوزک بینڈ نے شاندار مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ پاک آرمی، پاک بحریہ، فضائیہ کے چاق و چوبند دستوں، پنجاب رینجرز اور ایف سی خیبرپختونخوا کے دستے نے بھی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔
یومِ آزادی اور معرکہ حق کی فتح کی تقریب میں اسپیشل سروسز گروپ (ایس ایس جی) کے کمانڈوز نے بھی مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔ اس کے علاوہ تقریب میں ترکیہ اور آذربائیجان کی مسلح افواج کے دستوں نے بھی مارچ پاسٹ کیا۔
صدر، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سمیت دیگر شرکا کی قومی پرچم کو سلامی
تقریب کے دوران قومی پرچم کی آمد پر حاضرین نے کھڑے ہو کر پُرتپاک استقبال کیا، علم بردار دستے نے مارچ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا جبکہ صدر مملکت آصف زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سمیت دیگر شرکا نے اپنی سیٹوں پر کھڑے ہوکر قومی پرچم کو سلامی پیش کی۔
پروقار تقریب میں پاک فضائیہ کے طیاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کرتے ہوئے کرتب دکھائے۔ پریڈ کمانڈر لیفٹیننٹ کرنل محمد عمر اعوان نے صدر مملکت آصف زرداری کو پریڈ پیش کی، پریڈ نے مہمان خصوصی کو صدر سلام پیش کیا۔ طیاروں کی گھن گرج سن کر شہری بھی پاکستان زندہ باد کا نعرہ لگاتے رہے۔
ہیروز آف پاکستان
دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے والی ہیروز کو خصوصی انکلوژر میں بیٹھایا گیا، ان افراد کا تعلق مختلف شعبوں اور صوبوں و قومیتوں سے تھا۔
فن کا مظاہرہ
ملک کے معروف ڈھولچی اور بین الاقوامی شہرت یافتہ ڈرمر گمبی نے اپنے فن کا مظاہرہ کر کے تقریب کو چار چاند لگائے۔
اس کے علاوہ معروف گلوکار اور پٹیالہ گھرانے کے فرزند شفقت امانت علی خان نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے حاضرین کے جذبے کو مزید بڑھایا۔
یومِ آزادی کی خوشی میں ملک بھر میں جشن کا سماں
بھارت کے خلاف تاریخی کامیابی اور یومِ آزادی کی خوشی میں ملک بھر میں جشن کا سماں ہے، ملک کے تمام شہروں، گلیوں اور محلوں میں ہر جانب سبز ہلالی پرچموں کی بہار چھا گئی ہے۔
اسلام آباد کے شکر پڑیاں پریڈ گراؤنڈ میں عوام کے لیے معرکہ حق میں استعمال ہونے والے طیارے، ٹینک، توپیں، ریڈارز اور دیگر عسکری ساز و سامان کی خصوصی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔
قومی اسمبلی میں قرارداد منظور
دوسری جانب قومی اسمبلی میں یومِ آزادی اور معرکہ حق کے موقع پر متفقہ قرارداد منظور کی گئی، جس میں وطن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ملکی سالمیت اور خود مختاری کے تحفظ کے عزم کو ایک بار پھر دہرایا گیا۔
قرار داد کے متن میں کہا گیا کہ ایوان معرکہ حق میں اپنے ملک کا جرات مندانہ تحفظ کرنے پر افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، معرکہ حق کے دوران عوام کی اپنی افواج کو دی جانے والی پشت پناہی کو خراج تحسین پیش کرتا ہے، ایوان تمام شہریوں کو پاکستان کی ترقی، خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کی تلقین کرتا ہے۔