لاہور (روشن پاکستان نیوز) — پنجاب پولیس نے 14 اگست، یومِ آزادی پاکستان کی تقریبات کے لیے سیکیورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق، صوبہ بھر میں 480 سے زائد تقریبات منعقد ہوں گی جن کی سیکیورٹی کے لیے 30 ہزار سے زائد پولیس افسران و اہلکار سیکیورٹی اور ٹریفک ڈیوٹی پر مامور کیے گئے ہیں۔
انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس ڈاکٹر عثمان انور نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہلڑ بازی، ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، روڈ بلاک کرنا اور خواتین کو ہراساں کرنے جیسے جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے یومِ آزادی کی خوشیاں منائیں اور تہذیب و اخلاق کا دامن نہ چھوڑیں۔
آئی جی پنجاب نے والدین سے بھی گزارش کی ہے کہ وہ اپنے بچوں پر خصوصی نظر رکھیں تاکہ وہ کسی خطرناک یا غیر قانونی سرگرمی کا حصہ نہ بنیں۔ پولیس کی جانب سے مختلف شہروں میں خصوصی کنٹرول رومز بھی قائم کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل دیا جا سکے۔
مزید پڑھیں: برطانوی پولیس نے پاکستانی کرکٹر حیدر علی سے متعلق تفصیلات جاری کردیں
پنجاب پولیس نے یہ بھی کہا ہے کہ عوام کا تحفظ اور امن و امان برقرار رکھنا ان کی اولین ترجیح ہے، اور اس مقصد کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔