اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) نیشنل پریس کلب اور مینارٹیز جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے اشتراک سے مینارٹیز کےعالمی دن کے موقع پر این پی سی میں کیک کاٹنے کی خصوصی تقریب منعقد ہوئی ، تقریب کے مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی تھے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رمیشن کمار وانکوانی، ورلڈ مینارٹیز الائنس کے کنونیئر اورسابق وفاقی وزیر جے سالک،پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، این پی سی سیکرٹری نیئر علی،پیر سید عاصم علی شاہ، عاصمہ ناز عباسی، آر آئی یو جے کے صدر طارق علی ورک، سابق صدر آئی سی سی آئی اور چیئرمین ڈی واٹسن گروپ ظفر بختاوری اور امریکہ میں مقیم سابق صحافی اور موجودہ کاروباری شخصیت نوید انور سمیت سینئر صحافیوں اور اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی،تقریب کی نظامت کے فرائض سیکرٹری این پی سی نیئر علی نے سرانجام دیئے،اس موقع پر مہمان خصوصی وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیل داس کوہستانی کا کہنا تھا کہ پاکستان تمام مذاہب کا خوبصورت گلدستہ ہے، 11 اگست 1947 کو دستور ساز اسمبلی سے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا خطاب اس بات کا واضح پیغام تھا کہ پاکستان میں تمام مذاہب کے لوگوں کو عبادات کی مکمل آزادی ہو گی اور آئین پاکستان میں بھی اس بات کو یقینی بنایا گیا ہے، پاکستان میں ہولی ہو یا دوالی، عید ہو یا کوئی اور تہوارہم سب ملکر اسے مناتے ہیں، یہ پاکستان کا روشن چہرہ ہے جسے دنیا کے سامنے لانے کی ضرورت ہے، ہم دوسروں کے مذہب کا احترام کرنے والی قوم ہیں،ہمارے ہمسایہ ملک کے وزیراعظم کے ہاتھوں گجرات کے مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں،پاکستان نے حالیہ معرکہ حق میں دشمن کے مندروں اور عام شہریوں کو نشانہ نہیں بنایاجو اس بات کی بین ثبوت ہے، ہمیں چاہیئے کہ کسی کی دل آزاری نہ کریں،اس موقع پررکن قومی اسمبلی رمیش کمار وانکوانی کا کہنا تھا کہ ملک میں بسنے والے اقلیتی افراد محب وطن ہیں اور ہر جنگ میں ہمیشہ صف اول میں کھڑے رہے ہیں،پاکستانی پرچم میں سفید رنگ اقلیتوں کی نہیں بلکہ امن و استحکام کی نمائندگی کرتا ہے،2009 میں مینارٹیز کا دن منسوب کرنا پیپلز پارٹی کا اہم کارنامہ ہے،پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے کہا کہ نیشنل پریس کلب نے 21 برس قبل ہی یہاں پر اقلیتوں کے حوالے سے کرسمس پروگرام کر کے بین المذاہب ہم آہنگی کا ٹرینڈ سیٹ کر دیا تھا، مینارٹیز کے حقوق کیلئے این پی سی عملی نمونہ اور پاکستان محبت کا گہوارہ ہے، تقریب سے سابق وفاقی وزیر جے سال، ظفر بختاوری، عاصمہ ناز عباسی، پیر عاصم علی شاہ ،نوید انور، مینارٹیز جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے صدر ناصر سلیم و دیگر نے بھی خطاب کیا،تقریب میں ملی نؑمے بھی پیش کئے گئے جبکہ تقریب کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا۔
