پیر,  11  اگست 2025ء
اسلام آباد: جعلی حکیموں کا ٹولہ ایف ٹین میں متحرک، شہریوں کی جانوں کو خطرہ

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) اسلام آباد کے علاقے ایف ٹین میں جعلی حکیموں کا ایک گروہ سرگرم ہو گیا ہے جو شہریوں کو دھوکہ دہی کے ذریعے لاکھوں روپے لوٹ رہا ہے۔ یہ گروہ مٹاپے، گنجے پن، مردانہ کمزوری اور دیگر موذی امراض کا جعلی علاج کرنے کا دعویٰ کرتا ہے اور نسخے کے لیے شہریوں کو قریبی مارکیٹ میں نوجوان لڑکوں کے ذریعے بہکایا جاتا ہے۔

اس ٹولے کے سرغنہ حبیب نواز ہے جو نہ تو طب کونسل یا کسی مساوی ادارے کی ڈگری یا لائسنس پیش کر سکا اور نہ ہی نسخوں اور تشخیص کا کوئی معقول جواز دے سکا۔ شہریوں سے بات کرنے پر وہ بہانے بازی کرتا رہا اور اپنی خاندانی حکمت کو سامنے لا کر اپنی جعل سازی کو چھپانے کی کوشش کی۔

ایف ٹین کے تاجر رہنماؤں نے متعدد بار پولیس اور ڈپٹی کمشنر کو درخواست دی مگر کوئی کارروائی نہیں ہوئی، جس سے حکام کی ملی بھگت کا شبہ پیدا ہوتا ہے۔ اس حوالے سے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ایس ایس پی آپریشن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: اے این ایف کا منشیات فروشوں کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن، خاتون سمیت 11 ملزمان گرفتار

شہریوں اور تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس جعلی حکیم حبیب نواز کی ایک سال سے سرپرستی کرنے والے متعلقہ اہلکاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے تاکہ اس ٹولے کی مجرمانہ پشت پناہی کا خاتمہ ہو سکے اور عوام کی جان و مال محفوظ ہو۔

مزید خبریں