اسلام آباد(محمد زاہد خان) پاکستانی حکومت کے مشیر سرمایہ کاری بورڈ اورپاکستان جاپان بزنس فورم کے وائس چیئرمین سید فیروز عالم شاہ نے کہا ہے کہ جاپانی شہر اوساکا میں جاری ورلڈ ایکسپو 2025ءمیں پاکستان کی بھرپور شرکت سے ناصرف جاپان بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا روشن چہرہ اُجاگر ہوا ہے، اس عالمی نمائش میں پاکستانی پویلین نے اپنی دلکش پیشکش سے غیرملکی زائرین کو متاثر کیا جس سے پاکستان کو ایک باوقار، مہذب اور تعلیم یافتہ قوم کے طور پر متعارف کروانے میں مدد ملی،پاکستانی ثقافت، دیسی کھانوں، مینگو اور کھجوروں سمیت اعلیٰ معیار کے پھلوںاور عالمی شہرت یافتہ پنک سالٹ نے پاکستانی شناخت کو ایک نئی جہت دی ہے اس کے علاوہ پاکستان کا پویلین ثقافتی تقریبات، تجارتی کانفرنسزسمیت دیگرشاندار تقریبات، ثقافتوں کے درمیان مکالمہ کو فروغ دینے، پاکستان کی تخلیقی توانائی کو اجاگر کرنے، ٹیکسٹائل، زراعت، معدنیات، ڈیجیٹل سروسز اور ملک کی بھرپور تجارتی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر نمایاں کرنے کا خاص پیغام دیتاہے۔ تفصیلات کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صدارتی ایوارڈ یافتہ سید فیروز عالم شاہ نے پاکستان کی نوجوان افرادی قوت، جغرافیائی اہمیت اور جاری پالیسی اصلاحات کو پاکستان کی ترقی کی مضبوط بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے وسیع تر مواقع موجود ہیں ،پاکستان ورلڈ ایکسپومیں شریک 160ممالک کے ساتھ تجارتی و سرمایہ کاری تعلقات کو وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے۔جاپان کااعلیٰ ترین سول ایوارڈ ”دی آرڈر آف رائزنگ سن گولڈ ریز ود روزیٹ“حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی سید فیروز عالم شاہ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے اور عالمی برادری کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے اورجاپان اس ویژن کا اہم ستون ہے، ورلڈ ایکسپو عالمی رابطے کی علامت بن چکی ہے ،یہ نمائش لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے اور دیرپا ثقافتی و معاشی شراکت داری قائم کرنے کا ذریعہ بن رہی ہے ،جاپان کے تاریخی اور ثقافتی شہر اوساکا میں جاری ورلڈ ایکسپو جاپان 2025ءمیں پاکستانی پویلین نے اپنی ثقافت، قدرتی وسائل اور اقتصادی ویژن کو مو ¿ثر انداز میں دنیا کے سامنے پیش کر کے بھرپور پذیرائی حاصل کی ہے،دس لاکھ سے زائد افراد کا پاکستانی پویلین کا وزٹ کرنا اس کا ثبوت ہے، پاکستان کے کھیوڑہ نمک کی کانوں سے متاثر ہوکر، پاکستانی پویلین میں ایک منفرد ”نمک باغ“بنایا گیا ہے ، جو زائرین کو ایک پرسکون اور متاثر کن حسیاتی تجربہ فراہم کرتا ہے ،جاپانی اور غیر ملکی سیاح پاکستانی پویلین کو دیکھنے کیلئے گھنٹوں قطار میں کھڑے ہو کر اپنی باری کا انتظار کرتے ہیں یہ پاکستان کی ثقافتی کشش اور معیاری مصنوعات کا واضح ثبوت ہے۔
