اتوار,  10  اگست 2025ء
وزیر اعظم شہباز شریف سے بلوچستان کے ہونہار طالب علم اکرام اللہ کاکڑ کی خصوصی ملاقات

اسلام آباد (محمد زاہد خان) – وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے بلوچستان کے دور دراز اور سیلاب سے متاثرہ علاقے سے تعلق رکھنے والے ہونہار طالب علم اکرام اللہ کاکڑ نے ملاقات کی۔ ملاقات کا مقصد وزیراعظم کی جانب سے دی گئی تعلیمی معاونت پر شکریہ ادا کرنا اور اپنی کامیابی سے آگاہ کرنا تھا۔

اکرام اللہ کاکڑ وہی طالب علم ہے جس سے وزیر اعظم نے 2022ء میں قلعہ سیف اللہ کے ایک امدادی خیمے میں ملاقات کی تھی۔ اس موقع پر اکرام اللہ نے اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کی خواہش ظاہر کی تھی، جس پر وزیراعظم نے اس کی مکمل تعلیمی معاونت کا اعلان کیا تھا۔ بعد ازاں، انہیں لارنس کالج میں داخلہ دلایا گیا۔

وزیر اعظم نے ملاقات کے دوران کہا کہ “مجھے وہ دن یاد ہے جب تم سیاہ شلوار قمیض میں دھوپ میں کھڑے تعلیم کی خواہش کا اظہار کر رہے تھے۔ آج تمھیں کامیابی کی راہ پر گامزن دیکھ کر دل خوش ہو گیا۔”

اکرام اللہ نے راولپنڈی بورڈ میں میٹرک کے امتحانات میں تیسری پوزیشن حاصل کی اور بتایا کہ وہ پہلے بھی اسکالرشپ پر تعلیم حاصل کر رہا تھا اور اب محنت سے ڈبل اسکالرشپ حاصل کی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ تمھارے والدین، اساتذہ اور تمھاری محنت کا نتیجہ ہے، اور اللہ تعالیٰ کا خاص کرم ہے۔

اکرام اللہ نے اپنی مستقبل کی خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ سی ایس ایس کرنا چاہتے ہیں اور بیرون ملک، خصوصاً آکسفورڈ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کے خواہش مند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ “میں اپنے وطن کا قرض چکانے کے لیے اپنی استطاعت سے بڑھ کر محنت کروں گا اور ملک و قوم کا نام روشن کروں گا۔”

ملاقات میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، اکرام اللہ کے والدین اور اساتذہ بھی موجود تھے۔ وزیر اعظم نے اکرام اللہ کو ایک خصوصی تحفہ بھی پیش کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اکرام اللہ کاکڑ کی یہ کامیابی نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے ایک مشعلِ راہ ہے، جو ثابت کرتی ہے کہ محنت، لگن اور صحیح رہنمائی سے ہر خواب ممکن ہو سکتا ہے۔

مزید خبریں