اسلام آباد (محمد زاہد خان) پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما اور سابق وزیراعظم عمران خان کے سابق میڈیا ایڈوائزر فیاض الحسن چوہان نے ایک تہلکہ خیز انکشاف کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب کے موقع پر عمران خان کو تحفے میں دیا گیا سونے کا لوٹا انہوں نے پیتل سے تبدیل کروا کر سونے کی قلعی چڑھوا کر توشہ خانہ میں جمع کروایا، جبکہ اصلی سونے کا لوٹا اپنے پاس رکھ لیا۔
فیاض چوہان کے مطابق، نومبر 2019 میں کرتارپور راہداری کے افتتاح کے دوران سکھ برادری کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کو ایک سونے کا لوٹا تحفے میں دیا گیا تھا، جسے بعد ازاں انہوں نے راولپنڈی کے صرافہ بازار سے پیتل کے لوٹے سے تبدیل کر کے اس پر سونے کی قلعی چڑھوائی اور توشہ خانہ میں جمع کروا دیا۔
انہوں نے عمران خان اور ان کی اہلیہ کا نام لیے بغیر انہیں “لالچی، حریص اور نوسرباز” قرار دیا اور مزید کہا کہ “آپ نے کرپشن کے کئی انداز دیکھے ہوں گے، مگر ایسا انوکھا انداز شاید ہی کہیں نظر آیا ہو۔”
فیاض چوہان نے مزید الزام لگایا کہ عمران خان کو ملائیشیا سے ملنے والا قیمتی ڈنر سیٹ بھی انہوں نے راجا بازار میں بیچ دیا، اور پرچ پیالیاں الگ فروخت کیں۔
انہوں نے کہا: “میں آج دنیا کے سامنے اس شخص کو ‘لوٹا چور’ کہتا ہوں، یہ پاکستان کا پہلا وزیراعظم ہے جو تحائف چوری کرنے میں ملوث پایا گیا ہے۔”
فیاض چوہان نے عمران خان کے یومِ آزادی پر کسی بھی ممکنہ سیاسی منصوبے کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ شخص ہر قومی دن پر ملک کے مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا ہے صرف اپنی رہائی کے لیے۔
مزید پڑھیں: معروف گائناکالوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر ارشد چوہان کو تمغہ امتیاز سے نوازدیاگیا
یاد رہے کہ فیاض الحسن چوہان کو 2022 میں عمران خان نے اپنا میڈیا ایڈوائزر مقرر کیا تھا، تاہم بعد ازاں دونوں رہنماؤں کے درمیان اختلافات پیدا ہو گئے تھے۔