پیر,  01  ستمبر 2025ء
وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کا استعفیٰ، پی ڈی ایم حکومت میں دراڑیں نمایاں ہونے لگیں

اسلام آباد (ایم اے شام) – موجودہ پی ڈی ایم حکومت میں اندرونی اختلافات کھل کر سامنے آنے لگے ہیں، جب کہ وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، خواجہ آصف نے اپنا استعفیٰ وزیراعظم شہباز شریف کے پرنسپل سیکریٹری توقیر شاہ کو ارسال کیا ہے، تاہم اب تک وزیراعظم نے استعفیٰ قبول نہیں کیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف نے چند اہم تحفظات کے پیش نظر قائد مسلم لیگ ن نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے متعدد ملاقاتیں اور رابطے کیے تاکہ اپنے خدشات سے آگاہ کر سکیں، لیکن شنوائی نہ ہونے پر انہوں نے استعفیٰ دینے کا فیصلہ کیا۔

سیاسی حلقوں میں اس پیش رفت کو حکومت کے لیے بڑا دھچکہ قرار دیا جا رہا ہے۔ خواجہ آصف نہ صرف مسلم لیگ ن کے سینئر ترین رہنماؤں میں سے ہیں بلکہ ملک کے دفاعی معاملات میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: آدھی سے زیادہ بیوروکریسی پرتگال میں پراپرٹی لیکر شہریت لینے کی تیاری کر رہی ہے ، خواجہ آصف

ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ جہاں موجودہ اسٹیبلشمنٹ کو حکومت، اپوزیشن اور دیگر ریاستی اداروں کی مکمل حمایت حاصل ہے، وہیں صدر آصف علی زرداری اور وفاقی حکومت کے چند معاملات پر اسٹیبلشمنٹ کو بھی تحفظات لاحق ہیں، جو مستقبل قریب میں مزید سیاسی تبدیلیوں کا پیش خیمہ بن سکتے ہیں۔

اس صورتحال نے پی ڈی ایم اتحاد میں جاری کشیدگی اور اختلافات کو مزید واضح کر دیا ہے، اور سیاسی منظرنامے پر نئی صف بندیاں متوقع ہیں۔

مزید خبریں