اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان نے یوکرین کے تنازع میں پاکستانی شہریوں کے ملوث ہونے کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کردیا۔
خیال رہے کہ یوکرینی صدر زیلنسکی نے ایکس پر ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے محاذ پر موجود کمانڈرز سے ووفچانسک کے دفاع اور جنگ کی صورتحال پر گفتگو کی۔ ہمارے سپاہیوں نے اطلاع دی ہے کہ اس محاذ پر چین، پاکستان، تاجکستان، ازبکستان اور کچھ افریقی ممالک کے کرائے کے جنگجو شامل ہیں۔ جس کا ہم جواب دیں گے۔
یوکرینی صدر کے اس بے بنیاد الزامات کے بعد دفتر خارجہ کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق یوکرین کے تنازع میں پاکستانیوں کے ملوث ہونے کے بے بنیاد الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق آج تک یوکرائنی حکام کی جانب سے پاکستان سے باضابطہ طور پر رابطہ نہیں کیا گیا ہے، ایسے دعوؤں کی تصدیق کے لیے کوئی قابل تصدیق ثبوت پیش نہیں کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: یوم استحصال کشمیر پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیاں ، مظاہرے
ترجمان نے کہا کہ حکومت پاکستان یہ معاملہ یوکرائنی حکام کے ساتھ اٹھائے گی جس میں یوکرین سے اس حوالے سے وضاحت طلبکی جائے گی۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے مطابق مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے یوکرین تنازعہ کے پرامن حل کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔