پیر,  04  اگست 2025ء
پاکستان ریلوے کا انقلابی قدم: صرف تین سو روپے میں جدید بزنس لاؤنج کی سہولت متعارف

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — پاکستان ریلوے نے مسافروں کی سہولت اور آرام کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک نیا اور جدید “بزنس لاؤنج” متعارف کروا دیا ہے، جو کہ انتہائی معمولی فیس محض 300 روپے کے عوض دستیاب ہوگا۔ اس لاؤنج میں مسافروں کو مفت وائی فائی، چائے، بسکٹ، آرام دہ نشستیں، موبائل چارجنگ پوائنٹس، ایئر کنڈیشنڈ ماحول، اور جدید واش رومز جیسی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

یہ سہولت فی الحال لاہور ریلوے اسٹیشن پر متعارف کرائی گئی ہے، جسے جلد ہی ملک کے دیگر بڑے اسٹیشنز تک وسعت دینے کا منصوبہ ہے، جن میں کراچی، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان، اور کوئٹہ شامل ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق، بزنس لاؤنج کا مقصد مسافروں کو ریلوے اسٹیشن پر انتظار کے دوران ایک محفوظ، پرآرام، اور باعزت ماحول فراہم کرنا ہے، خاص طور پر خواتین، بزرگ شہریوں، اور فیملیز کے لیے۔ ریلوے کے وفاقی وزیر نے کہا ہے کہ یہ اقدام ریلوے کے مجموعی امیج کو بہتر بنانے اور مسافروں کا اعتماد بحال کرنے کی طرف ایک مثبت قدم ہے۔

مسافروں نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سہولت نہ صرف آرام دہ ہے بلکہ اس کی قیمت بھی معقول ہے، جو عام مسافروں کی پہنچ میں ہے۔ کئی شہریوں نے سوشل میڈیا پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر کے پاکستان ریلوے کی اس کاوش کو “مثبت اور خوش آئند قدم” قرار دیا۔

مزید براں، پاکستان ریلوے نے اعلان کیا ہے کہ آنے والے مہینوں میں ڈیجیٹل ٹکٹنگ، موبائل ایپ کے ذریعے سیٹ ریزرویشن، اور آن لائن شکایات کا ازالہ جیسے اقدامات بھی عمل میں لائے جائیں گے تاکہ ریلوے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔

یہ بزنس لاؤنج نہ صرف پاکستان ریلوے کے نئے وژن کی عکاسی کرتا ہے بلکہ عوامی فلاح و بہبود اور مسافروں کی عزت و سہولت کو یقینی بنانے کی جانب ایک نمایاں قدم بھی ہے۔

مزید پڑھیں: شکار پور کے قریب ریلوے ٹریک پر دھماکا ، جعفر ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں

مزید خبریں