اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) – پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما اور ماہر خارجہ امور سحر کامران نے سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی بین الاقوامی سطح پر سفارتی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نے بھارتی جھوٹے پراپیگنڈے کے خلاف عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے نہ صرف اپنی خودمختاری کا دفاع کیا بلکہ عالمی فورمز پر اپنی آواز مؤثر انداز میں بلند کی۔ سحر کامران کے مطابق پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابی محض فوجی طاقت کا نتیجہ نہیں بلکہ یہ بروقت سیاسی فیصلوں، قابل اعتماد دفاعی ڈیٹرنس اور مؤثر اسٹریٹجک رابطوں کا ثمر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاک بھارت تنازعات کے تناظر میں پاکستان نے اپنے بیانیے کو بین الاقوامی سطح پر مضبوط کیا اور عالمی سطح پر پھیلنے والی غلط فہمیوں سے قبل ایک محتاط اور مربوط سفارتی مہم کا آغاز کیا۔
سحر کامران کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے اس سفارتی حکمت عملی میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے اہم عالمی دارالحکومتوں میں کثیر الجماعتی وفود کی قیادت کی اور پاکستان کے دفاعی مؤقف کو اجاگر کیا، جسے عالمی پالیسی اور سفارتی فورمز پر پذیرائی حاصل ہوئی۔
مزید پڑھیں: آصفہ بھٹو زرداری ترقی پسند قیادت کی علامت ہیں، سحر کامران کا خراجِ تحسین
انہوں نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی عالمی سفارتی مہم نے بھارتی بیانیے کو بے نقاب کیا اور بھارت کی جانب سے پاک بھارت تنازع کو غلط انداز میں پیش کرنے کی کوششوں کا مؤثر جواب دیا۔
سحر کامران نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان مستقبل میں بھی اسی طرح مدبرانہ اور مؤثر خارجہ پالیسی کے ذریعے اپنے قومی مفادات کا تحفظ جاری رکھے گا۔