پشاور(روشن پاکستان نیوز) بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کو عہدہ چھوڑنے سے متعلق بیان پر وزیراعلیٰ کے پی ترجمان کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا فراز مغل نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت بانی پی ٹی آئی کے وژن کی نمائندہ ہے، بانی پی ٹی آئی جب چاہیں گے وزیراعلیٰ منصب چھوڑ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور حکومت سے متعلق بانی پی ٹی آئی کے پیغام کی کسی مستند ذریعے سے تصدیق نہیں ہوئی، علی امین گنڈاپور متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ کےپی حکومت بانی پی ٹی آئی کی امانت ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ علی امین گنڈا پور وزیراعلیٰ ہونے کے باوجود اڈیالہ جیل میں اپنے لیڈر سے نہیں مل سکتے، عدالتوں کی جانب سے احکامات بھی موجود ہیں، لیکن آئین اور قانون کی پاسداری نہیں کی جاتی۔
ترجمان وزیر اعلیٰ نے کہا کہ علی امین گنڈاپور خیبر پختونخوا میں امن و امان کے قیام کے لیے اقدامات کر رہے ہیں، دہشتگردی کے خاتمے کے لیے علاقائی سطح پر قبائلی جرگوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
فراز مغل نے کہا کہ گزشتہ روز بھی وزیراعلیٰ ہاؤس میں قبائلی عمائدین کا جرگہ منعقد کیا گیا، جرگوں کے بعد ایک گرینڈ قبائلی مشاورتی جرگہ تشکیل دیا جائےگا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز عمران خان کا ایک بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا علی امین گنڈا پور اگر خیبر پختونخوا میں امن قائم نہیں کر سکتے تو عہدے سے استعفیٰ دے دیں۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا علی امین گنڈا پور اگر صوبے میں گورننس کے مسائل حل نہیں کرسکتا تو کسی اور کو موقع دینا چاہیے۔