جمعرات,  31 جولائی 2025ء
زائرین کو اربعین سے روکنا قابلِ مذمت ہے، حکومت فوری نظرثانی کرے: وائس آف کاروانِ سالار پاکستان

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) وائس آف کاروان سالار پاکستان کے صدر سید نجم عباس نقوی نے کہا ہے کہ زیارات اور اربعین جیسے مقدس مذہبی تہواروں سے کسی صورت دستبردار نہیں ہوں گے۔ شہریوں کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے، حکومت زائرین کو مکمل سیکیورٹی اور سہولیات فراہم کرے۔ انہوں نے کہا کہ “ہم لاشیں گرانے والے نہیں، لاشیں اٹھانے والے ہیں، ہمارے مذہبی جذبات کا احترام کیا جائے۔”

یہ بات انہوں نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں سرپرست اعلیٰ سید زوار حسین شاہ، سید فرحت شاہ و دیگر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ سید نجم عباس نقوی نے وفاقی وزیر داخلہ سید محسن نقوی کے اس فیصلے کی شدید مذمت کی جس کے تحت سیکیورٹی خدشات کو بنیاد بنا کر پاکستانی زائرین کو اربعین کے لیے جانے سے روکا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں دہشتگردی کے بدترین حالات میں بھی اربعین قافلوں کو نہیں روکا گیا، آج جب سیکیورٹی ادارے مضبوط ہیں تو زائرین کو کیوں روکا جا رہا ہے؟ انہوں نے سوال اٹھایا کہ وفاقی وزیر داخلہ دعویٰ کرتے تھے کہ بلوچستان کے دہشتگرد ایک ایس ایچ او کی مار ہیں، پھر وہ زائرین کو تحفظ کیوں نہیں فراہم کر سکتے؟

ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر سے پچاس ہزار زائرین کے ویزے مکمل ہو چکے ہیں، بسیں اور ہوٹلیں بک ہو چکی ہیں۔ اس اچانک فیصلے سے زائرین اور قافلہ سالاروں کو اربوں روپے کا نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔

سرپرست اعلیٰ سید زوار حسین شاہ نے کہا کہ ہمارے قافلے تیار ہیں، وقت کم ہے، ہمیں اپنے مذہبی فریضے کی ادائیگی سے نہ روکا جائے۔ اگر حکومت سیکیورٹی خدشات کو وجہ بناتی ہے تو زائرین کو بائی ایئر سفر کی خصوصی سہولیات دی جائیں، ٹکٹوں میں کمی اور ٹیکس میں مکمل چھوٹ فراہم کی جائے تاکہ زائرین اپنا فریضہ بخوبی ادا کر سکیں۔

مزید پڑھیں: امریکہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی معاہدہ طے پا گیا، ٹرمپ کا اعلان

سید فرحت شاہ نے کہا کہ وزیر داخلہ کا بیان ملتِ تشیع کے جذبات کو مجروح کرتا ہے۔ ہم اپنے عقیدے اور مذہبی فریضے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ حکومت فوری طور پر اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے۔

آخر میں مطالبہ کیا گیا کہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں تاکہ ہزاروں زائرین اور ان کے اہل خانہ کو پریشانی سے بچایا جا سکے۔

مزید خبریں