اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز): جمعیت علمائے اسلام (ف) کے نوجوان رہنما فرخ خان کھوکھر کے اعزاز میں آج اسلام آباد میں ایک بھرپور اور شاندار ورکر کنونشن منعقد کیا گیا۔ یہ تقریب شام 4 بجے بخارا رائل مارکی ایکسپریس، بائی وی گیلری گرین اسلام آباد میں شروع ہوئی اور رات 11 بجے کے قریب اختتام پذیر ہوئی۔ کنونشن میں پارٹی کے مرکزی قائدین مولانا فضل الرحمٰن، مولانا عبدالغفور حیدری سمیت مختلف سیاسی، سماجی اور مذہبی حلقوں کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران مقررین نے فرخ خان کھوکھر کی جماعت سے وابستگی، ان کی سیاسی حکمت عملی، اور کارکنان میں مقبولیت کو سراہا۔ فرخ خان کھوکھر نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ جے یو آئی کے مشن پر مکمل یقین رکھتے ہیں اور نظریاتی سیاست ہی ملک کی ترقی اور استحکام کا راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئینی اور جمہوری جدوجہد کے ذریعے ہی پاکستان کو درپیش بحرانوں سے نکالا جا سکتا ہے۔
کنونشن میں شریک کارکنان کا جوش و جذبہ دیدنی تھا۔ “جیو کھوکھر 333” کے نعروں سے ہال گونج اٹھا اور ہر طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس تقریب کو تاریخی قرار دیا۔ سوشل میڈیا پر تقریب کی تصاویر اور ویڈیوز تیزی سے وائرل ہو رہی ہیں، جس سے اس تقریب کی مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق، اس موقع پر نہ صرف تنظیمی امور زیرِ بحث آئے بلکہ آئندہ بلدیاتی و عام انتخابات کی تیاری، کارکنان کی تنظیم نو، اور اسلام آباد و مضافات میں پارٹی کی حکمت عملی پر بھی تفصیلی مشاورت کی گئی۔
مزید پڑھیں: فرخ خان کھوکھر کی جے یو آئی (ف) میں شمولیت، پرتپاک استقبالیہ تقریب منعقد
تقریب کا اختتام خصوصی دعا کے ساتھ ہوا، جس میں ملک کی سلامتی، فلسطینی عوام کی آزادی، اور جے یو آئی (ف) کی کامیابی کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پارٹی قیادت کے ساتھ وفاداری سے کھڑے رہیں گے اور فرخ خان کھوکھر جیسے نوجوان رہنما جماعت کا قیمتی اثاثہ ہیں، جن کی قیادت مستقبل میں جماعت کو مزید مضبوط کرے گی۔