جمعرات,  31 جولائی 2025ء
اسلام آباد کو سرسبز اور جدید بنانے کا عزم، چیئرمین سی ڈی اے نے نیشنل پریس کلب میں شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باضابطہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (PFUJ) کے صدر افضل بٹ نے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ “جس دن ہماری چیئرمین سی ڈی اے سے میٹنگ ہوئی، اسی دن میڈیا ٹاؤن سے بس سروس کا آغاز بھی ہو گیا۔”

افضل بٹ نے کہا کہ انہوں نے چیئرمین سی ڈی اے سے میڈیا ٹاؤن کے لیے بس چلانے کا مطالبہ کیا تھا، جس پر فوری عملی قدم اٹھایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب نیشنل پریس کلب اسلام آباد کو سرسبز بنانے کی مہم میں قائدانہ کردار ادا کرے گا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ہم اداروں اور پریس کلب کے ساتھ مل کر شہر کے مسائل حل کریں گے۔ “پریس مسائل کی نشاندہی کرتا ہے، سی ڈی اے کو مسائل بتائیں، ہم انہیں حل کریں گے،” انہوں نے کہا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے سول سوسائٹی اور پریس کلب سے اپیل کی کہ وہ سی ڈی اے کے ساتھ مل کر “ون ملین ٹری” منصوبے میں حصہ لیں۔ انہوں نے ہنستے ہوئے کہا، “میں تو کہتا ہوں جو پریس کلب احتجاج کے لیے آئیں، ان سے بھی کہیں کہ پہلے ایک ایک درخت لگائیں۔”

انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد میں اس وقت 160 بسیں چل رہی ہیں اور بہت جلد گوگل میپ پر ان بسوں کی آمد و رفت کی مکمل معلومات دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ بس روٹس پر باقی کام بھی جلد مکمل کر لیا جائے گا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: ڈینگی سے بچاؤ کے لیے سی ڈی اے کی بھرپور کارروائیاں، نیشنل پریس کلب میں اسپرے کیا گیا

آخر میں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا، “ہر اقدام کو ہم نیک نیتی سے لے کر چلتے ہیں، اور اسلام آباد کو ایک سرسبز، محفوظ اور جدید شہر بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔”

مزید خبریں