جمعرات,  31 جولائی 2025ء
اسلام آباد: پولیس افسران کے مسائل کے حل کیلئے اردل روم کا انعقاد، سی ٹی او کی جانب سے فوری احکامات جاری

اسلام آباد (ایم اے شام) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر پولیس افسران کو درپیش محکمانہ اور ذاتی نوعیت کے مسائل کے بروقت اور ترجیحی بنیادوں پر حل کو یقینی بنانے کے لیے چیف ٹریفک آفیسر اسلام آباد کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر کی زیر صدارت ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز میں اردل روم کا انعقاد کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق اردل روم میں مختلف پولیس افسران نے شرکت کی اور اپنے ذاتی و سرکاری مسائل چیف ٹریفک آفیسر کے سامنے پیش کیے۔ سی ٹی او اسلام آباد نے متعدد مسائل کا موقع پر ہی ازالہ کرتے ہوئے فوری احکامات جاری کیے، جبکہ باقی مسائل کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات دی گئیں۔

اس موقع پر کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے کہا کہ پولیس ملازمین کی فلاح و بہبود اولین ترجیح ہے۔ ان کیلئے رہائش، معیاری طبی سہولیات اور بہتر تعلیمی مواقع سمیت مختلف ویلفیئر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پولیس فورس کے ہر رکن کا مسئلہ ان کا ذاتی مسئلہ ہے، اور ان کا دفتر تمام ملازمین کے لیے ہر وقت کھلا ہے۔

مزید پڑھیں: رشوت نہ لینے والے پولیس افسران کے ساتھ کیا ہوا؟ نا قابل یقین

سی ٹی او نے مزید کہا کہ اردل روم کے انعقاد کا مقصد نہ صرف افسران کے مسائل کا بروقت حل ہے بلکہ ان کا مورال بلند کرنا اور ان میں احساسِ شمولیت پیدا کرنا بھی اہم مقصد ہے۔ اُنہوں نے افسران پر زور دیا کہ وہ دلجمعی سے اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں تاکہ شہر کے امن و امان کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

پولیس افسران نے اردل روم کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس اقدام کو پولیس فورس کے اندر بہتر ہم آہنگی اور ویلفیئر کے لیے اہم قدم قرار دیا۔

مزید خبریں