لاہور(روشن پاکستان نیوز) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو خط لکھ کر ضلع چکوال اور جہلم کو آفت زدہ قرار دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ گورنر نے حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان اضلاع میں نظامِ زندگی درہم برہم ہو چکا ہے، سڑکیں اور پل تباہ ہو گئے ہیں، جب کہ غریب عوام کے گھر، مویشی اور قیمتی سامان پانی کی نذر ہو چکا ہے۔
گورنر پنجاب نے اپنے خط میں فوری طور پر ہنگامی بنیادوں پر امدادی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ متاثرہ علاقوں کو جلد از جلد آفت زدہ قرار دے کر بحالی کے کاموں کو تیز کیا جائے۔
عظمیٰ بخاری کا سخت ردعمل
گورنر پنجاب کے کھلے خط پر پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ گورنر کو آئینی دائرے میں رہنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ “آپ کو ہر بار آپ کا آئینی کردار یاد دلانا پڑتا ہے، لیکن افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ آپ ہر بار اس سے تجاوز کرتے ہیں۔”
عظمیٰ بخاری نے واضح کیا کہ پنجاب حکومت پہلے ہی متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں شروع کر چکی ہے، اور مریم نواز خود چکوال کے دورے پر گئی تھیں تاکہ حالات کا جائزہ لے سکیں۔ انہوں نے گورنر کو مشورہ دیا کہ اگر کسی کو جگانا ہے تو وہ اپنی جماعت کو جگائیں، حکومت کو انتظامی مشوروں کی ضرورت نہیں۔
گورنر پنجاب کا جواب
عظمیٰ بخاری کے سخت بیان کے جواب میں گورنر سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ انہیں عظمیٰ بخاری جو مرضی کہنا چاہیں، انہیں مکمل آزادی ہے۔ انہوں نے لاہور میں صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی 70ویں سالگرہ کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک جمہوری جماعت ہے اور پنجاب میں اس کا احیاء ضروری ہے۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے شروع کرنے کا فیصلہ
گورنر نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو آصف زرداری کے وژن کی بدولت وزیراعظم بنیں گے، اور ماضی میں زرداری کے مؤقف کی بدولت ہی پاکستان کو بڑے بحرانوں سے نکالا گیا۔