جمعه,  25 جولائی 2025ء
اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ کا میڈیا کے ساتھ مؤثر رابطے کے لیے تین رکنی کمیٹی قائم

اسلام آباد (روشن پاکستان نیوز) — چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی جانب سے میڈیا نمائندگان کے ساتھ اشتراکِ عمل اور درپیش مسائل کے حل کے لیے سینیٹرز پر مشتمل تین رکنی خصوصی کمیٹی کے قیام کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔

جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ کمیٹی حکومت اور اپوزیشن دونوں کے ارکان پر مشتمل ہوگی۔ کمیٹی میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی، تحریک انصاف کے سینئر رہنما سینیٹر علی ظفر اور پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمان شامل ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن (پی آر اے) کے ساتھ مل کر مؤثر اشتراکِ عمل اور صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کو یقینی بنائے گی۔

یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں پارلیمانی رپورٹرز نے کوریج کے حقوق اور دیگر پیشہ ورانہ مسائل کے خلاف احتجاج کیا تھا، جس کے بعد چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے فوری نوٹس لیتے ہوئے صحافیوں کے تحفظات دور کرنے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے ان سینیٹرز کو کمیٹی میں شامل کیا ہے جو خود بھی ماضی میں صحافت سے وابستہ رہ چکے ہیں اور میڈیا کے مسائل سے بخوبی آگاہی رکھتے ہیں۔

مزید پڑھیں: سحر کامران کی جانب سے پیپلز پارٹی کی سینیٹ میں کامیابی پر قیادت کو مبارکباد

یہ کمیٹی صحافت اور پارلیمان کے درمیان رابطوں کو مضبوط بنانے، باہمی اعتماد کو فروغ دینے اور پارلیمانی کوریج کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے اہم کردار ادا کرے گی۔

مزید خبریں