اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی سحر کامران نے کہا ہے کہ بھارت کے رافیل طیاروں سے متعلق حقائق چھپانے کی کوششیں اب بے نقاب ہو چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے فرانسیسی آڈیٹرز کو طیاروں کے بیڑے کا معائنہ کرنے سے روک کر شفافیت کے تقاضوں کو پس پشت ڈالا، لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ انکشاف نے اصل حقیقت دنیا کے سامنے رکھ دی ہے۔
سحر کامران نے کہا کہ یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ عسکری معاملات میں شفافیت اور احتساب نہایت اہم ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی حکومت کی پالیسیوں نے نہ صرف خطے میں عدم استحکام پیدا کیا ہے بلکہ اپنی افواج کو بھی غلط اطلاعات کی بنیاد پر فیصلے کرنے پر مجبور کیا ہے۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس، ملک کی اقتصادی اور ثقافتی روابط میں مزید بہتری آئے گی،سحرکامران
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو بھارت کے اس طرزِ عمل کا نوٹس لینا چاہیے اور یہ معاملہ اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر اٹھایا جانا چاہیے۔ سحر کامران نے زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے شفافیت، اعتماد سازی، اور بات چیت کا تسلسل ناگزیر ہے۔