بدھ,  23 جولائی 2025ء
ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن کی تنقید برداشت نہ کرنے پر صحافی کا نمبر بلاک

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن صحافیوں کے سوالات برداشت نہ کر سکے اور نجی ٹی وی کے رپورٹر کا نمبر بلاک کر دیا۔ رپورٹر کا کہنا ہے کہ انہوں نے صرف بارش کے بعد شہر میں پیدا ہونے والی صورتحال، نالوں کی صفائی اور شہری مشکلات پر رائے اور موقف لینے کے لیے رابطہ کیا تھا، تاہم موصوف نے جواب دینے کے بجائے بلاک کر کے راہ فرار اختیار کر لی۔

رپورٹر کے مطابق، “میں نے عرفان نواز میمن کو ایک مہذب پیغام بھیجا کہ بارش کے بعد کی صورتحال اور نالوں کے بارے میں ساٹ (بیان) چاہیے، لیکن انہوں نے میرے نمبر کو بلاک کر دیا۔”

انہوں نے مزید کہا:

“ڈی سی صاحب کا رویہ یہ تھا کہ جیسے کہتے ہوں کہ صرف میری تعریفیں کرو، مجھ سے سیدھے سوال مت کرو، جیسے کچھ صحافی تعریفیں کرتے ہیں، تم بھی ویسا ہی کرو۔”

صحافی نے واضح کیا کہ:

“جناب آپ تو شاید کل کہیں اور پوسٹ ہو جائیں گے، لیکن ہم نے اسی اسلام آباد میں رہنا ہے۔ ہمیں اپنے شہر سے پیار ہے اور جو کچھ آپ اس کے ساتھ غلط کر رہے ہیں، ہم اسے رپورٹ کرتے رہیں گے۔”

صحافتی حلقوں میں شدید تشویش

اس واقعے نے صحافتی آزادی اور عوامی نمائندوں کے احتساب کے حق پر سوال اٹھا دیا ہے۔ صحافتی تنظیموں اور پریس کلبز نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی عہدوں پر فائز افراد کو سوالات کا سامنا کرنے کی اہلیت ہونی چاہیے، نہ کہ تنقید سے بچنے کے لیے صحافیوں کو نظر انداز یا بلاک کرنا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں حالیہ بارشوں کے بعد کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے، نالوں کی صفائی نہ ہونے اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، مگر انتظامیہ کی جانب سے تسلی بخش اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے عوامی شکایات میں اضافہ ہوا ہے۔

یہ واقعہ اس بات کا عکاس ہے کہ تنقید سے بچنے کے لیے افسران عوامی مفاد کے سوالات کا جواب دینے سے کتراتے ہیں، جو کہ جمہوری اقدار اور صحافت کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے۔

مزید خبریں