منگل,  22 جولائی 2025ء
مون سون بارشوں کے باوجود طیب اردگان انٹرچینج پر ٹریفک روانی برقرار، سی ڈی اے اور نسپاک کی بروقت حکمت عملی قابلِ تحسین

اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) — وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مون سون کی شدید بارشوں کے باوجود طیب اردگان انٹرچینج پر ٹریفک کی روانی بغیر کسی بڑی رکاوٹ کے برقرار رہی ہے۔ یہ کامیابی سی ڈی اے اور نیشنل انجینئرنگ سروسز پاکستان (نسپاک) کی پیشگی تیاری، مربوط حکمتِ عملی اور موثر رسپانس کا نتیجہ ہے۔

بارش کے دوران انٹرچینج سے جڑی ایک الگ تھلگ سڑک پر عارضی لینڈ اسکیپنگ کا معمولی مسئلہ سامنے آیا تھا، جسے ٹھیکیدار نے غیر معمولی مستعدی کے ساتھ محض ایک گھنٹے کے اندر حل کر لیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر نہیں ہوئی اور شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

طیب اردگان انٹرچینج کا مرکزی ڈھانچہ اور تمام انٹری و ایگزٹ پوائنٹس بین الاقوامی معیار کے مطابق محفوظ اور مستحکم ہیں۔ اس منصوبے کی تعمیر میں معیار، حفاظت اور ماحولیاتی چیلنجز کا خاص خیال رکھا گیا ہے۔

نسپاک کی تکنیکی نگرانی اور سی ڈی اے کے چیئرمین کی قیادت میں یہ منصوبہ مکمل کیا گیا ہے جس نے اسلام آباد کے شہری انتظامات کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر مون سون سیزن سے قبل اسلام آباد کے تمام اہم انٹرچینجز، سڑکوں اور نالوں کی صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے انتظامات مکمل کیے گئے تھے۔ سی ڈی اے کی فیلڈ ٹیموں نے صفائی اور نکاسی آب کو یقینی بنانے کے لیے دن رات محنت کی، جس کے باعث شہر میں کسی بڑے بحران سے بچاؤ ممکن ہوا۔

اسلام آباد کے شہریوں نے طیب اردگان انٹرچینج پر ٹریفک کی بحالی اور بارش کے پانی کے بروقت انخلاء پر اطمینان کا اظہار کیا ہے اور سی ڈی اے کے چیئرمین، نسپاک کی ٹیم اور وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت دیکھ بھال اور تیز رسپانس سسٹم نے حکومتی سنجیدگی کو مزید اجاگر کیا ہے، اور اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ سی ڈی اے اور نسپاک نہ صرف تعمیراتی ادارے ہیں بلکہ شہری سہولت، پائیداری اور ماحولیاتی مسائل کے حل میں بھی فعال کردار ادا کر رہے ہیں۔

مزید خبریں