اسلام آباد(روشن پاکستان نیوز) وفاقی دارالحکومت میں محکمہ ایکسائز نے غیر نمونہ (فینسی) نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ ڈی جی ایکسائز عرفان میمن نے شہر بھر میں کارروائیاں تیز کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کو نہ صرف جرمانہ کیا جائے بلکہ انہیں فوری طور پر بند بھی کیا جائے۔
ڈی جی ایکسائز نے واضح کیا کہ محکمہ ایکسائز کی جاری کردہ نمبر پلیٹ کے علاوہ کسی بھی قسم کی فینسی یا غیر نمونہ نمبر پلیٹ قابلِ قبول نہیں ہے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ایسی گاڑیوں پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں اور انہیں سڑکوں پر چلنے کی اجازت ہرگز نہ دی جائے۔
عرفان میمن کا کہنا تھا کہ شہری قانون کی پاسداری کریں اور غیر نمونہ نمبر پلیٹس کے استعمال سے گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی تحفظ اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے یہ کارروائیاں ناگزیر ہیں۔
محکمہ ایکسائز کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ مہم کا مقصد گاڑیوں کی رجسٹریشن کو معیاری بنانا اور غیر قانونی رجحانات کی روک تھام ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ مقررہ نمونے کے مطابق نمبر پلیٹس کا استعمال یقینی بنائیں تاکہ کسی قسم کی قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔